• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

خطرناک دہشت گرد دیگر صوبے منتقل کرنیکی ہدایت

شائع November 26, 2013
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ وزیر اعظم نواز شریف کا کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کر رہے ہیں۔ فوٹو اے پی پی
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ وزیر اعظم نواز شریف کا کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کر رہے ہیں۔ فوٹو اے پی پی

کراچی: وزیر اعظم نواز شریف نے ٹارگیٹڈ آپریشن میں گرفتار خطرناک دہشت گرد دیگر صوبوں میں منتقل کر کے ان پر ٹرائل شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

یہ ہدایات انہوں نے گورنر ہاؤس میں امن و امان سے متعلق ہونے والے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ، صوبائی چیف سیکریٹری سجاد سلیم، ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر، وفاقی وزرا خواجہ آصف اور احسن اقبال سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر آج کراچی پہنچے جہاں انہوں نے ملک کے سب سے بڑے پاور کمپلیکس کا افتتاح کیا.

دوران اجلاس ڈی جی رینجرز نے وزیر اعظم کو امن و امان کی صورتحال اور ٹارگیتڈ آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران کراچی سے گرفتار خطرناک دہشت گردوں کو فوری طور پر دیگر صوبوں میں منتقل کرکے ان کا ٹرائل شروع کیا جائے اور تحفظ پاکستان آرڈیننس پر فوری طور پر عمل درآمد کیا جائے۔

اس موقع پر نواز شریف نے غیر قانونی سمیں فوری طور پر بند کرنے اور نئی سموں کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کو لازمی قرار دینے کی بھی ہدایت کی۔

ڈی جی رینجرز نے دوران بریفنگ بتایا کہ ٹارگیٹڈ آپریشن میں مجموعی طور پر 63 ہزار 475 چھاپے مارے گئے جہاں 455 مقابلوں میں 74 ملزمان مارے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران مجموعی طور پر 6 ہزار 556 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سیاسی اور مذہبی بنیادوں پر ایک سے زائد افراد کو نشانہ بنانے والے 76 ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت فوری طور پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھے کہ سندھ خصوصاً کراچی میں انسداد دہشت گردی کی مزید عدالتیں فوری قائم کی جائیں تاکہ دہشت گردوں کا ٹرائل ممکن ہو سکے۔

اس سے قبل وزیر اعظم منگل کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو کراچی ایئر پورٹ پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا والہانہ استقبال کیا۔

وزیر اعظم نے کراچی کے ساحل پر کوسٹل ایٹمی پاور پلانٹ کے منصوبے کا افتتاح کیا جو ملک کا سب سے بڑا بجلی کا منصوبہ ہے۔

چھ نیوکلیئر پلانٹ کے حامل اس منصوبے سے سال 2050 تک 40 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جائے گی جس سے ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024