• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

دورہ جنوبی افریقہ: ہندوستانی ٹیم میں ظہیر خان کی واپسی

شائع November 25, 2013
ظہیر خان رانجی ٹرافی کے تین میچز میں 13 وکٹیں لینے پر سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ فائل فوٹو
ظہیر خان رانجی ٹرافی کے تین میچز میں 13 وکٹیں لینے پر سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ فائل فوٹو

نئی دہلی: ہندوستان نے آئندہ ماہ جنوبی افریقہ میں کھیلی جانے والی سیریز کے لیے ٹیسٹ اور ون ڈے کی الگ الگ ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے جہاں تجربہ کار ظہیر خان کی انجری سے چھٹکارا پانے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

88 ٹیسٹ کھیلنے والے ظہیر 300 وکٹوں کے سنگ میل سے پانچ وکٹ کے فاصلے پر ہیں اور وہ خراب فارم اور فٹنس مسائل کے باعث ایک سال قبل انگلینڈ کے خلاف کلکتہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے بعد سے ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے۔

ظہیر خان اس سال بورڈ کا سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں بھی ناکام رہے لیکن رانجی ٹرافی میں ممبئی کی جانب سے کھیلتے ہوئے 13 وکٹیں لینے پر سلیکٹرز نے انہیں ٹیم میں شامل کر لیا۔

فاسٹ باؤلر 2011-2010 کے دورہ جنوبی افریقہ میں ہندوستانی فاسٹ باؤلنگ اٹیک کے اہم رکن تھے جہاں انہوں نے دو ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

لیکن فاسٹ باؤلر 5 دسمبر سے پروٹیز کے خلاف شروع ہونے والی تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

اس کے علاوہ اوپنر گوتم گمبھیر رانجی ٹرافی کے میچ میں گھاس سے بھرپور وکٹ پر 153 رنز بنانے کے باوجود سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

فاسٹ باؤلر امباتی رائیڈو کو پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی نمبر ایک ٹیم جنوبی افریقہ اور دوسرے نمبر پر موجود انڈیا کے درمیان یہ سیریز چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل تھی لیکن ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے سچن ٹنڈولکر کی الوداعی سیریز کے انعقاد کے لیے سیریز کو دو میچوں تک محدود کر دیا تھا۔

ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں سب زیادہ رنز بنانے والے سچن نے رواں ماہ ریکارڈ 200 ٹیسٹ کھیل کر تمام طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

سیریز کا افتتاحی ایک روزہ میچ 5 دسبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد 8 دسمبر کو ڈربن اور 11 دسمبر کو سنچورین میں بقیہ دو میچز کھیلے جائیں گے۔

ہندوستانی ٹیم جوہانسبرگ میں 18 دسبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے قبل بینونی میں دو روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی جہاں سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

دورے کے لیے اعلان کردہ ٹیسٹ اسکواڈ میں ایم ایس دھونی (کپتان و وکٹ کیپر)، مرلی وجے، شیکھر دھون، چیتشور پجارا، ویرات کوہلی، روہت شرما، اجنکیا رہانے، روی چندرن ایشون، بھونیشور کمار، امیش یادیو، محمد شامی، رویندرا جدیجا، ظہیر خان، امباتی رائیڈو، وردھیمن ساہا (متبادل وکٹ کیپر)، ایشانت شرما اور پرگیان اوجھا شامل ہیں۔

ایک روزہ میچز کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ایم ایس دھونی (کپتان و وکٹ کیپر)، سریش رائنا، شیکھر دھون، ویرات کوہلی، روہت شرما، اجنکیا رہانے، یوراج سنگھ، ایشون، بھونیشور کمار، محمد شامی، امباتی رائیڈو، امیش یادیو، ایشانت شرما، موہیت شرما، رویندرا جدیجا اور امیت مشرا شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024