• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹروٹ تھکاوٹ کے باعث ایشز سیریز سے دستبردار

شائع November 25, 2013
جوناتھن ٹروٹ کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال کرکٹ سے وقفہ چاہتے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
جوناتھن ٹروٹ کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال کرکٹ سے وقفہ چاہتے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

سڈنی: انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جوناتھن ٹروٹ تھکاوٹ کے باعث آسٹریلیا میں ہونے والی ایشز سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

برسبین میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹروٹ بدترین ناکامی سے دوچار ہوئے اور دونوں اننگز میں صرف 19 رنز بنا سکے جہاں ایشز کے دفاع کے لیے آسٹریلیا میں موجود مہمان ٹیم کو 381 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹروٹ کی حیران کن رخصت سے کچھ اسی قسم کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جیسی 2007-2006 کی ایشز سیریز میں سابق اوپنر مارکس ٹریسکوتھک کے جانے کے بعد پیدا ہوئی تھی۔

اس میچ کے دوران کھیل کی روح کو برقرار نہیں رکھا جا سکا اور خصوصاً آسٹریلین ٹیم کی جانب سے خراب اسپرٹ کا مظاہرہ کیا گیا جہاں ایک طرف آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر نے انگلش بلے باز ٹروٹ کے اس کھیل کو خراب اور کمزور قرار دیا تو دوسری جانب کپتان مائیکل کلارک نے ٹیکل اینڈر جیمز اینڈرسن سے تضحیک آمیز الفاظ کہے جس پر انہیں وارننگ کے ساتھ ساتھ 20 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ(ای سی بی) نے کہا ہے کہ ٹروٹ نے کھیل سے غیر معینہ مدت تک وقفہ لیا ہے اور وہ رواں ایشز ٹیسٹ سیریز میں واپس نہیں آئیں گے۔

بورڈ نے کہا کہ جوناتھن ٹروٹ تھکاوٹ کے باعث دورہ آسٹریلیا سے واپس انگلینڈ آ گئے ہیں، انہوں نے یہ فیصلہ اپنے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

ٹروٹ انگلش بیٹنگ لائن کا ایک اہم ستون ہیں جہاں انہوں نے 49 ٹیسٹ میچز میں 46.45 کی اوسط سے تین ہزار 763 رنز بنا رکھے ہیں تاہم برسبین ٹیسٹ کی دونوں اننگ میں وہ مچل جانسن کی تباہ کن باؤلنگ کا نشانہ بنے۔

ٹروٹ نے 2011 کے آسٹریلین ٹور پر اپنی ٹیم کو ایشز سیریز جتوانے میں انتہائی اہم کردار کیا تھا۔

اس حوالے سے انگلش بلے باز نے اپنی مختصر بیان میں کہا ہے کہ ایسی صورت میں جبکہ میں 100 فیصد فٹ نہیں ہوں، میں نہیں سمجھتا کہ مجھے کھیلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں فی الحال اس معیار کی کارکردگی نہیں دکھا پا رہا جس کا میں ماضی میں مظاہرہ کرتا رہا ہوں، اس وقت میری پہلی ترجیح کرکٹ سے وقفہ لینا ہے تاکہ میں اپنی بحالی پر توجہ دے سکوں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024