کیلس کی ایک روزہ کرکٹ میں واپسی
جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ نے پاکستان اور انڈیا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی دو ہوم سیریز کے لیے سینیئر آل راؤنڈر جیک کیلس کو طلب کر لیا۔
کیلس تقریباً دو سالوں بعد پہلی مرتبہ ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔
اڑتیس سالہ کیلس نے آخری مرتبہ فروری دو ہزار بارہ میں اپنی سر زمین پر نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ کھیلا تھا۔
اس کے بعد جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے تجربہ کار کیلس کو زیادہ سے زیادہ آرام دینے کی حکمت علمی اپنائی تاکہ وہ 2015 ورلڈ کپ میں بھر پور انداز میں حصہ لے سکیں۔
وہ نومبر اور دسمبر میں پاکستان اور انڈیا کے خلاف تین میچوں کی دو سیریز میں ٹی ٹوئنٹی کپتان فاف ڈوپلیسی کی جگہ چودہ رکنی سکواڈ کا حصہ بنیں گے۔
اسی طرح، لیگ سپنر عمران طاہر سکواڈ میں لیفٹ آرم سلو باؤلر رابن پیٹرسن کی جگہ سنبھالیں گے۔
گزشتہ مہینے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی دراز قد فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی ایک تیز باؤنسر پر زخمی ہو کر وطن واپس لوٹنے والے گریم سمتھ بھی سکواڈ میں واپس آئے ہیں۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ کا کہنا ہے کہ 'سمتھ مکمل صحتیاب ہو گئے ہیں'۔