• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان شکستوں کے خاتمے کیلیے پرعزم

شائع November 20, 2013
جنوبی افریقی ٹی ٹوئنٹی کپتان فاف ڈیو پلیسی۔ فائل فوٹو
جنوبی افریقی ٹی ٹوئنٹی کپتان فاف ڈیو پلیسی۔ فائل فوٹو

جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج جوہانسبرگ کے وانڈررز گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جہاں سابقہ سیریز کی فاتح جنوبی افریقی ٹیم کو ایک بار پھر فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے لیکن پاکستانی ٹیم بھی ناکامیوں کا سلسلہ ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جنوبی افریقہ نے گزشتہ دنوں دبئی میں ہونے والی سیریز میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔

پاکستان کے لیے میچ میں ایک بار پھر لمحہ فکریہ مسلسل ناکامی سے دوچار بیٹنگ لائن ہو گی جہاں اسے جنوبی افریقی پچز پر ممکنہ طور پر شارٹ پچ گیندوں کا سامنا کرنا ہو گا۔

پاکستانی ٹیم نے پروٹیز کے دیس پہنچنے کے بعد مسلسل دو روز تک ٹریننگ کی لیکن میچ سے ایک دن قبل قومی کھلاڑیوں نے آرام کیا۔

یہ میچز پاکستانی اسپنر کا بھی بڑا امتحان ہوں گے جہاں انہیں دبئی کے گرم موسم اور سلو پچوں کی نسبت یہاں ٹھنڈ اور تیز پچوں پر کھیل کر خود کو منوانا ہو گا۔

پاکستان کے لیے ایک اور لمحہ فکریہ آل راؤنڈرز شعیب ملک اور عبدالرزاق کے ساتھ ساتھ محمد عرفان کا انجری کے باعث ٹور سے باہر ہونا ہے خصوصاً ان وکٹوں پر محمد عرفان کی عدم موجودگی پاکستان کے لیے خاصی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بلاول بھٹی کو ڈیبیو کرائے جانے کا امکان ہے جبکہ ملک کی عدم موجودگی میں عمر امین کی ٹیم میں واپسی بھی متوقع ہے۔

عرفان کی عدم موجودگی میں جنید خان ممکنہ طور پر سہیل تنویر کے ساتھ باؤلنگ کا آغاز کریں گے۔

دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم کے حوصلے بلند اور وہ فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی جانب سے سابقہ الیون میں زیادہ تبدیلیوں کا امکان نہیں لیکن خراب فارم کا شکار ہاشم آملا کی جگہ ہینری ڈیوڈز کو ٹیم میں شامل کای جا سکتا ہے۔

پہلے میچ کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس سے مقابلہ متاثر ہوسکتا ہے لیکن اس گراؤنڈ پر اب تک ہونے والے تمام 20 میچز فیصلہ کن رہے ہیں۔

گرین شرٹس نے اس گراؤنڈ پر چارمیچ کھیلے جن میں سے دو میں فتح اور دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ اس گراؤنڈ پرایک مرتبہ مدمقابل آئےہیں جہاں میزبان ٹیم نے دو ہزار سات میں کھیلے گئےمیچ میں پاکستان کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024