کھیل

کنیریا پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پابندی

پی سی بی کے مطابق لیگ اسپنر کی اپیل کا فیصلہ آنے تک پابندی برقراررہے گی۔۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انضباطی کمیٹی نے لیگ اسپنر دنیش کنیریا پر ملک میں ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس پابندی کا اطلاق ڈومیسٹک کرکٹ کے علاوہ ملک میں ہونے والی ہر سطح کی کرکٹ پر ہو گا۔

قذاقی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونے والے اجلاس کے بعد پی سی بی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ اقدام انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی ڈسپلنری کمیٹی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ای سی بی نے کاوئنٹی میچ میں اسپاٹ فکسنگ میں معاونت  اور سٹہ بازوں کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام ثابت ہونے پرپاکستانی کھلاڑی  پرتاحیات پابندی عائد کردی تھی۔

کنیریا پہلے ہی ای سی بی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرچکے ہیں۔

پی سی بی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اپیل کا فیصلہ آنے تک ان پر پابندی برقراررہے گی اور کوئی بھی حتمی فیصلہ اپیل کے نتیجے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

آئی سی سی کے کوالامپور میں ہونے والے ایک اجلاس میں پاکستان سمیت تمام رکن ممالک نے کنیریا پرعائد پابندی کوتسلیم کرنے پراتفاق کیا تھا۔