دنیا

کانگو: اقوام متحدہ امن مشن کا پاکستانی اہلکار ہلاک

جنوبی صوبے کیوو میں نامعلوم افراد نے اقوام متحدہ کے امن مشن فوجی دستے پر حملہ کر دیا تھا، بانکی مون کا اظہار مذمت۔

جنیوا: کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن دستے پر حملے میں ایک پاکستانی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان مارٹن نیسرکی نے کہا کہ سیکریٹری جنرل بانکی مون نے اقوام متحدہ کے امن مشن دستے پر حملے اور پاکستانی اہلکار کی ہلاکت کو ہولناک قرار دیتے ہوئے واقعے کی فوری طور پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

نیسرکی نے بتایا کہ جنوبی صوبے کیوو میں نامعلوم افراد نے اقوام متحدہ کے امن مشن فوجی دستے پر حملہ کر دیا تھا۔

جنوبی کیوو میں متعدد مسلح گروہ سرگرم ہیں لیکن یہ اقوام متحدہ کے امن مشن اور حکومت کانگو کے خلاف ایک عرصے سے برسر پیکار ایم 23 گروپ کا مرکز نہیں ہے۔

بانکی مون نے امن مشن کے پاکستانی رکن کی ہلاکت کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے دائرے میں آتا ہے۔

اقوام متحدہ کے رہنما نے مقتول کے اہل خانہ اور حکومت پاکستان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کانگو کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لے کر آئے۔

مونسکو کے نام سے جانی جانے والی کانگو میں موجود اقوام متحدہ کی افواج میں پاکستان کا بڑا حصہ ہے جس میں 17 ہزار 500 فوجی اور 14 سو پولیس اہلکار شامل ہیں۔