افغانستان: مشرقی افغانستان میں زلزلہ اور شمالی علاقوں میں سیلاب کے باعث کم سے کم تینتیس افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
امریکی جیالوجیکل سروے اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات مشرقی صوبہ لغمان اور ننگرہار میں 5.7درجہ شدت کا زلزلہ آیا۔
اس زلزلے کی گہرائی چالیس میل جبکہ مرکز مہترلام تھا۔
زلزلے کے نتیجے میں اب تک اٹھارہ ہلاکتوں اور ستر سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ کئی مکانات بھی منہدم ہوئے ہیں۔
ادھر، صوبہ بلخ میں بارشوں کے بعد سیلاب سے پندرہ افراد مٹی کے تودے تلے دبنے سے ہلاک ہوئے۔
اس کے علاوہ ہمسایہ صوبوں میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں جن کا تعین نہیں ہو سکا۔