پاکستان

احمدی الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے، ترجمان

پاکستان میں بسنے والے دو لاکھ احمدی افراد گیارہ مئ کے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

لاہور: پیر کے روز پاکستان میں احمدی گروہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں بسنے والے دو لاکھ احمدی احتجاج کے طور پر اگلے ماہ کے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

' ہم 1985 سے انتخابات کا بائیکاٹ کرتے آرہے ہیں جب احمدی ووٹروں کو  مذہبی اقلیتوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا،' جماعتِ احمدیہ کے ترجمان سلیم الدین نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کمیونٹی چاہتی ہے کہ ان کے ووٹروں کو مشترکہ انتخابی سسٹم میں شامل رکھا جائے ۔

' ہم انتخابات سے دور رہتے ہوئے ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے،' انہوں نے کہا۔

پاکستان میں اگلے عام انتخابات گیارہ مئی کو منعقد ہورہے ہیں جس میں پہلی مرتبہ ایک منتخب جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرکے اقتدار دوسری جمہوری قوت کے حوالے کرے گی۔

انتخابات میں رجسٹریشن فارم پر مذہب کا خانہ درج ہوتا ہے اور احمدی خطرات کے پیشِ نظر یہ فارم نہیں بھرتے۔ پاکستان میں احمدی عبادت گاہوں اور قبرستانوں کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔