لاہور: پشاور میں الیکشن ٹریبونل نے سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کو این اے 32 چترال سے بھی مشرف نااہل قرار دے دیا۔ مشرف کو حلقہ این اے 48 سے انتخابات کے لئے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ریٹرننگ افسر نے پرویز مشرف کےاین اے139قصور سے کاغذات بھی مسترد کردیے تھے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس رؤف احمد شیخ اور راولپنڈی بینچ کے جسٹس مامون رشید پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے درخواست کی سماعت کی۔
ٹریبونل کو سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف 3 نکات پر مشتمل چارج شیٹ پیش کی گئی تھی جس میں پہلا بطور آرمی چیف اختیارات کا غلط استعمال، دوسرا بطور صدر اپنے حلف کی خلاف ورزی اور تیسرے نکتے میں ججز کو نظر بند کرنے الزامات لگائے گئے تھے۔
مفصل بحث کے بعد الیکشن ٹریبونل نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے آئین توڑا اور 3 نومبر 2007 کو ججز کو نظربند کیا۔
فیصلے کے مطابق پرویز مشرف آرٹیکل 62،63 پر پورا نہیں اترتے اور نہ ہی وہ صادق اور امین ہیں۔
واضح رہے کہ پرویز مشرف نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو ریٹرننگ افسر نے ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کی بنا پر مسترد کردیے تھے۔ جس کے خلاف انہوں نے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی جسے اب مسترد کردیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کےسابق وزیر مراد علی شاہ الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔ الیکشن ٹریبونل نے مراد علی شاہ کی نااہلی کی فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے الیکشن لڑنے سے منع کردیا ہے۔
مراد علی شاہ آئین کی شق 62 اور 63 پر پورے نہیں اترسکے۔ مراد علی سندھ اسمبلی کے حلقے دادو پی ایس تہتر سےالیکشن لڑنے کے خواہش مند تھے۔
الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے مراد علی شاہ کی اپیل مسترد کردی۔ الیکشن ٹریبونل کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ نے دوہری شہریت سمیت دیگر تفصیلات جمع نہیں کروائی اور وہ صادق اور امین نہیں رہے، جس کی بنا پر مراد علی شاہ کی نااہلی سے متعلق ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھاجاتا ہے۔
پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار جن کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جاچکے ہیں، کا کہنا ہے کہ وہ اعلی عدالتوں میں اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ نون کے زیادہ تر امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اجازت مل چکی ہے۔ کل نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف بھی لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹریبیونل نے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی تھی۔
علاوہ ازیں راولپنڈی اپیلٹ کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کردی۔ عدالت نے کرائے کے بجلی گھروں کے اسکینڈل میں ملوث ہونے پر انہیں انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نا اہل قرار دیا۔