اسلام آباد: پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈاولسن نے کہاہے کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اوراس سلسلے میں ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ تربیلا میں بحالی کے کام کی تکمیل بیس لاکھ صارفین کوبجلی فراہم کرنے کے لئے کافی ہے اور پر بجلی کی کمی کے باعث مصائب پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے یہ بات منگل کوتربیلا ڈیم کے دورہ کے موقع پر کہی۔امریکی سفیر نے واپڈا کے چیئرمین سید راغب عباس شاہ کے ہمراہ امریکی مالی اعانت سے تربیلا بجلی گھر کی بحالی کے سلسلہ میں منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کی۔تربیلا میں تین جنریٹروں کی بحالی سے قومی گرڈ میں 821 میگا واٹ بجلی کا اضافہ ممکن ہوا۔
اس موقع پر واپڈا کے چیئرمین سید راغب عباس شاہ نے کہا کہ وہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں امریکی حمایت کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تربیلامیں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے لئے ، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے ساڑھے 16 ملین ڈالرواپڈاکو تین جنریٹروں کی مرمت اور تربیلا بجلی گھرکے عملے کو تربیت دینے کے لئے فراہم کئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی امداد میں پاکستان کوتوانائی کے بحران پر قابو پانے میں ترجیح حاصل ہے۔ امریکہ تربیلا کے علاوہ دیگر وسیع منصوبوں میں غیر فعال زرعی اور پانی کے
میونسپل پمپس کی تبدیلی میں مدد فراہم کررہا ہے جس سے اضافی میگا واٹ بجلی کی بچت میں مدد ملے گی۔
اولسن نے مزید کہا کہ ان منصوبوں سے بھی پاکستان کی معاونت کر رہا ہے جن میں منگلاڈیم کی بحالی اور جامشورو ،گدواورمظفرگڑھ تھرمل پلانٹس کی جدید خطوط پر استوار کرنا شامل ہیں۔