پاکستان

دہری شہریت رکھنے والے بیس ارکان اسملبی کے نام ظاہر

ایک سابق رکن نے کھلے خط کے ذریعے دہری شہریت رکھنے والے ارکان کے نام سپریم کورٹ کے سامنے ظاہر کیے ہیں۔

اسلام آباد: سابق رکن قومی اسمبلی شہناز شیخ نے دہری شہریت رکھنے والے بیس ارکان کے نام سپریم کورٹ کے سامنے ظاہر کیے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق، سابق ایم این اے شہناز شیخ نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے نام کھلا خط میں دہری شہریت رکھنے والے بیس ارکان کے نام بھی درج ہیں۔

شہناز شیخ نے دعوی کیا ہے کہ دہری شہریت والے چند ارکان اب بھی اسمبلی میں موجود ہیں۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ دہری شہریت رکھنے والوں میں جمیل اشرف، مراد علی شاہ، صادق علی میمن، عبدالمعید صدیقی، سید محمد علی شاہ اور عسکری تقوی شامل ہیں۔

شہناز شیخ کے مطابق رضا ہارون، جاوید اقبال ترکئی، فائزہ اصغر اور دونیا عزیز بھی دہری شہریت رکھتی ہیں۔

مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین، عارف عزیز شیخ، جمیل ملک، سبین رضوی، اریش کمار، سید طیب حسین، ندیم احسان، حیدر عباس رضوی، فوزیہ اعجاز، طاہر علی جاوید دہری کے نام بھی اس خط میں شامل ہیں۔

شہناز شیخ نے خط میں لکھا کہ استعفٰی دینے کے باوجود ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا اور دہری شہریت کے حامل ارکان اسمبلی کے ساتھ مساوی سلوک نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ متعدد ارکان پارلیمنٹ کو اپنی مراعات واپس کرنے کو بھی نہیں کہا گیا۔

انہوں نے اہنے خط میں نے مطالبہ کیا ہے کہ نظرثانی اپیل کا فیصلہ ہونے تک تنخواہ اور مراعات واپس لینے کی کارروائی روکی جائے۔