یہاں یہ سوال بھی اُٹھایا جائے گا کہ اگر عورت معاشی جدوجہد میں حصہ لیتی ہے تو پھر اس کا زیادہ استحصال ہوگا۔ میں نہیں سمجھتا کہ یہ خدشات مکمل طور پر درست تسلیم کیے جاسکتے ہیں، اس لیے کہ اگر کسی ایک یا ایک سے زیادہ جگہ ایسی منفی صورتحال موجود ہے تو اُسے پورے معاشرے پر بھی لاگو کرکے دیکھا جانا غلط ہوگا۔
میرا خیال ہے کہ ہمارے شہری معاشرے میں ماؤں کی تین اقسام ہیں۔ ایک وہ مائیں جو ملازمت کررہی ہیں مگر اُنہوں نے اپنی ملازمت کو یا اپنے کیرئیر کو بہت زیادہ اپنے اوپر سوار کرلیا ہے تو ظاہر ہے ان کے گھر کا نظام ڈسٹرب ہوتا ہوگا۔ دوسری وہ مائیں جنہوں نے اپنے گھر کو بہت زیادہ اپنے دماغ پر سوار کرلیا ہے تو پھر وہ اپنی ملازمت کی ذمہ داریوں کو صحیح طرح نہیں نبھا پاتیں۔ تیسری قسم وہ ہے جو ملازمت اور گھریلو دونوں قسم کی ذمہ داریاں اچھی طرح نبھا رہی ہیں اور انہوں نے گھر اور ملازمت دونوں میں توازن قائم کر رکھا ہے۔
حقیقت یہی ہے کہ زیادہ تر ملازمت پیشہ مائیں اپنی دونوں ذمہ داریوں کو نبھا رہی ہیں۔ ملازمت پیشہ ماؤں کے اندر وقت کو صحیح تقسیم کرنے کی خوبی ہوتی ہے۔
وہ وقت کا ضیاع نہیں کرتیں کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ اُنہوں نے دونوں جگہ وقت دینا ہے تو وہ اپنے وقت کو صحیح طرح خرچ کرنے کے لیے پلاننگ کرتی ہیں۔
ملازمت پیشہ مائیں ہی بہترین مائیں ہوتی ہیں اور وہ گھریلو ماؤں کی نسبت اپنی اولاد کی کہیں زیادہ بہتر تربیت کرتی ہیں۔ آپ خود ایمانداری کے ساتھ موازنہ کرکے دیکھ لیجیئے۔ اگر آپ کسی قسم کی طرز فکر کی عینک لگائے بغیر غیر جانبدار ہوکر دیکھیں گے تو آپ کو انداز ہ ہوگا کہ گھریلو مائیں زیادہ سہل پسند اور آرام طلب ہوتی ہیں۔ ان کے اندر وقت کی قدر کم ہوتی ہے، یا پھر ہوتی ہی نہیں۔ اکثر تو گھر میں زیادہ وقت سو کر گزارتی ہیں یا ٹی وی ڈرامے دیکھ کر وقت پاس کرتی ہیں۔ جبکہ ملازمت پیشہ ماؤں کے پاس ان کاموں کے لیے وقت ہی نہیں ہوتا۔ ان ماؤں کے اندر ڈسپلن زیادہ ہوتا ہے، اس لیے ان کے بچوں کی زندگی بہت ’منظم‘ ہوتی ہے۔ ان کے بچے بہت ذمہ دار اور وقت کے پابند ہوتے ہیں۔ ان کے اندر خود انحصاری کا جذبہ زیادہ ہوتا ہے۔ جبکہ ایسی گھریلو مائیں جن میں سے اکثر تو اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی ہوتی ہیں، کا اپنے بچوں سے بات کرنے کا انداز ہی اکثر غیر مہذبانہ اور احمقانہ ہوتا ہے۔ گھریلو ماؤں کے موضوعات زیادہ تر گھریلو سیاست پر مبنی ہوتے ہیں۔ اُن کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ بچوں کے سامنے کیا باتیں کرنی چاہئیں اور کیا نہیں۔ وہ بچوں کے سامنے بلا جھجک اپنے سسرال کے لوگوں کی برائیاں کرتی رہتی ہیں، اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اُن کے بچے کم عمری سے ہی گھریلو سیاست میں ملوث ہوجاتے ہیں۔
معاشی جدوجہد میں شریک خواتین کے پاس چونکہ ان خاندانی بکھیڑوں میں پڑنے کے لیے وقت ہی نہیں ہوتا، اس لیے وہ عموماً اپنے بچوں کو بھی اس سے دور ہی رکھتی ہیں۔
آج جب کہ خواتین ہمارے ملک کی آبادی کا پچاس فیصد حصہ ہیں۔ اگر کسی بھی ملک کی پچاس فیصد آبادی کو محض گھر تک محدود کردیا جائے تو وہ ملک کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتا۔ اگر ملک کی پچاس فیصد آبادی یعنی خواتین تعلیم حاصل کرکے اپنے لیے کسی پروفیشن کا انتخاب کرلیں تو یقیناً اس ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
یہ بھی ہم سب کے مشاہدے میں ہے کہ ملازمت پیشہ مائیں اپنی ملازمت کی ذمّہ داریوں کے ساتھ اپنے گھر، اولاد اور رشتہ داریوں کی ذمہ داریاں بھی احسن طریقہ سے سنبھالتی ہیں۔ ان کا ذہن دل و دماغ بہت وسیع ہوتا ہے۔ صبرو استقامت اور حسنِ سلوک کا مادّہ ان کے اندر بہت زیادہ ہوتا ہے۔ ایسی مائیں بہت حوصلہ مند ہوتی ہیں۔
یہ درست ہے کہ ایسی ملازمت پیشہ خواتین جن کے ملازمت کے اوقات زیادہ ہیں وہ اپنے بچوں کو زیادہ وقت نہیں دے پاتیں مگر ان خواتین کے بچوں کے اندر خودانحصاری اور ذمّہ داری کا جذبہ ان خواتین کی اولادوں سے کہیں زیادہ ہوتا ہے جو سارا دن گھر پر رہتی ہیں۔ ملازمت کرنے والی خواتین کی اولادیں چھوٹے چھوٹے کاموں میں گھر والوں پر انحصار نہیں کرتیں۔
یہ مڈل کلاس کے ماضی پرستوں کا پھیلایا ہوا سراسر گمراہ کن پروپیگنڈہ ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین اچھی مائیں نہیں ہوتی ہیں اور وہ اپنے بچوں کا صحیح طرح خیال نہیں رکھتیں ۔
یہاں سب سے پہلے یہ سوال ذہن میں آتا ہے کہ کیا ملازمت کرنے سے ماں کے اندر سے ’ممتا‘ کا جذبہ ختم ہوجاتا ہے؟
میرا خیال ہے کہ ماں تو ہرحال میں ماں ہے۔
لیکن جیسا کہ ظاہر ہے ملازمت پیشہ ماں زیادہ منظم اور ایثار پیشہ ہوتی ہے کیونکہ وہ دُہری ذمہ داریاں نبھاتی ہے، گھر کی بھی اور ملازمت کی بھی۔ وہ جانتی ہے کہ وہ اپنا زیادہ وقت ملازمت کو دے رہی ہے تو پھر وہ اپنے اوپر جبر کرتی ہے اور اپنے لیے مخصوص وقت بھی اولاد کے اوپر صرف کرتی ہے۔ وہ بہت حساس ماں ہوتی ہے۔ اُسے یہ فکر لگی رہتی ہے کہ کہیں اُس کی اولاد احساسِ کمتری کا شکار نہ ہوجائے۔ اس لیے وہ اولاد پر زیادہ توجہ دینے کی کوشش کرتی ہے۔ وہ باہر لوگوں سے ملتی ہے تو پھر اس کو باہر کی دنیا کے بارے میں ہر طرح کی معلومات ہوتی ہیں۔ وہ اپنے بچوں کو زمانے کی اونچ نیچ کے بارے میں آگاہ کرتی رہتی ہے۔ وہ اپنے اولاد کے بہتر مستقبل کی خواہاں بن جاتی ہے۔ وہ ماں ہونے کے ساتھ ساتھ اولاد کی اُستاد بھی بن جاتی ہے۔
دیکھنے میں آیا ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین کے بچے گھریلو خواتین کے بچوں سے کہیں زیادہ ذمّہ دار اور بہت تمیزدار ہوتے ہیں، جبکہ اکثر گھریلو مائیں تو از خود اپنی تربیت سے اپنے بچوں کو غیر ذمہ دار اور بدتمیز بنا دیتی ہیں۔
ملازمت پیشہ خواتین کے بچوں کے اندر خودانحصاری کا جذبہ گھریلو ماؤں کے بچوں کی نسبت بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔ ان کے اندر اپنا کام خود کرنے کی عادت ہوتی ہے، اس لیے کہ وہ ہر کام کے لیے گھریلو خواتین کے بچوں کی طرح اپنی ماں کا سہارا لینے کے شروع ہی سے عادی نہیں ہوتے۔
عموماً ملازمت پیشہ مائیں اپنے گھر اور باہر کے تجربات سے نئی بات سیکھتی ہیں تو پھر وہ اپنی اولاد کو بھی گائیڈ کرتی رہتی ہیں۔ وہ اپنی اولاد کو اعلیٰ تعلیم یافتہ دیکھنے کی خواہشمند ہوتی ہیں۔
ملازمت پیشہ مائیں اپنے بچوں کے معاملے میں بہت حساس ہوجاتی ہیں اور انہیں زیادہ توجہ دینے کی کوشش کرتی ہیں۔ ملازمت پیشہ خواتین کو اپنے حقوق کا ادراک ہوتا ہے اس لیے جبر اور دھونس کے ذریعے ان کو ان کے جائز حق سے محروم کرنا آسان نہیں ہوتا۔
انسانی حقوق کے ایک ادارے عورت فاؤنڈیشن کا حوالہ دیتے ہوئے رائٹرز کا کہنا ہے کہ سال دوہزاربارہ میں ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے سولہ سو چھتیس واقعات ریکارڈ ہوئے۔ پاکستان میں کسی لڑکی یا عورت کو قتل کرنے کے لیے محض یہ الزام بھی کافی سمجھا جاتا ہے کہ اس کی وجہ سے خاندان کی عزت میں کمی آئی۔ تاہم عورت فاؤنڈیشن کا بھی یہی کہنا ہے کہ جیسے جیسے ملکی خواتین کو ملازمتوں کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں، گھریلو تشدد کے خلاف ان کے عزم میں مضبوطی اور ارادوں کو ہمت ملتی جا رہی ہے۔ معاشی طور پر آزادی ملنے کے ساتھ ساتھ خواتین کی مجموعی حالت میں بھی بہتری کی توقع کی جاسکتی ہے۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کا کہنا ہے کہ برسرروزگار خواتین کی تعداد گزشتہ ایک دہائی کے دوران چھپن لاکھ نوے ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ اکیس لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے۔
ملازمت پیشہ خواتین ناصرف اچھی مائیں ثابت ہوتی ہیں بلکہ وہ اپنی معاشی خود کفالت کی بدولت اپنے حقوق کے لیے بلاجھجک آواز بھی اُٹھا سکتی ہیں، اگر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی نوجوان لڑکیاں کل اپنے اپنے پروفیشن کو اپنی معاشی خود کفالت کے لیے اپناتی ہیں اور عملی میدان میں قدم رکھتی ہیں تو معاشرے میں تبدیلی کا عمل کئی زاویوں سے اثرانداز ہوگا، ناصرف یہ کہ ایسی خواتین ملک میں عورتوں کے ساتھ جاری عدم مساوات اور تشدد آمیز رویوں کے بتدریج خاتمے کا سبب بنیں گی، بلکہ اگلی نسل کی اچھی تربیت بھی کرسکیں گی، ساتھ ہی ساتھ عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرکے ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔