پاکستان

رینٹل پاور کیس: نیب سے پیشرفت رپورٹ طلب

سپریم کورٹ نے رینٹل پاور عملدرآمد کیس میں نیب سے آئندہ سماعت پر اب تک ہونے والی پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے رینٹل پاور عملدرآمد کیس میں نیب سے آئندہ سماعت پر اب تک ہونے والی پیشرفت رپورٹ طلب کرلی عدالت نے قرار دیا ہے کہ چئیرمین نیب تحقیقات کی نگرانی خود کریں۔

 ڈان نیوز کے مطابق، جمعے کے روز سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں عدالت عظمٰی کے تین رکنی بینچ نے رینٹل پاور عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔

 دوران سماعت ڈپٹی پروسیکیوٹر نیب فوزی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ رینٹل پاور کی تحقیقات کرنے والے عسکر خان کا تبادلہ منسوخ کردیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پرنسپل سیکرٹری نیب فاروق اعوان کو معطل کیا جا چکا ہے جبکہ وزیراعظم کے خلاف کارروائی کی سفارش کرنے والے عسکر خان کو بحال کردیا گیا ہے۔

 فوزی ظفر نے تین معطل افسران صبح صادق، شہزاد انور بھٹی اور فاروق اعوان کی معطلی کے نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کردیے۔

 عدالت نے فوزی ظفر سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ ذمہ داران کو اب تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔

 چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیب کا کام کرپشن ختم کرنا ہے اسے فروغ دینا نہیں۔

 عدالت نے کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے نیب سے آئندہ سماعت پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔