نائجیریا میں چرچ پہ حملہ؛ چھ افراد ہلاک
یہ لگاتار تیسرا سال ہے جب افریقہ کے سب سے گنجان آباد ملک میں کرسمس تقاریب کو نشانہ بنایا گیا ہے۔


کاڈونا: شمال مشرقی نائجیریا میں واقع ایک چرچ پر مسلح افراد کی جانب سے کئے گئے حملہ میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ لگاتار تیسرا سال ہے جب افریقہ کے سب سے گنجان آباد ملک میں کرسمس تقاریب کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
عسکری ذرائع کے مطابق یہ حملہ کرسمس ایو کے سلسلے میں آدھی رات کو منائی جانے والی تقریب کے بعد شمال مشرقی ریاست یوب کے پوٹیسکم علاقے میں کیا گیا جہاں اسلامی فرقے بوکو حرام کی جانب سے رواں سال اس سے قبل بھی کئی حملے کیے جا چکے ہیں۔
فوجی ترجمان علی الزارس نے چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "نامعلوم مسلح افراد پوٹیسکم پر حملہ کرنا چاہتے تھے، تاہم فوجی دستے کی جانب سے کی جانے والی جوابی کاروائی کے بعد جب حملہ آور بھاگ رہے تھے تو انہوں نے جیری گاؤں میں واقع اس چرچ کو اپنا نشانہ بنایا"۔