حامد سعید کاظمی پر فردِ جرم عائد
راولپنڈی: راولپنڈی کی ایک عدالت نے حج کرپشن کیس میں سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی سمیت تینوں ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی ہے ۔
کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی میاں خالد شبیر کی عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے دوران تینوں ملزمان حامد سعید کاظمی ،راؤ شکیل اور آفتاب الاسلام راجہ پر فرد عائد کی گئی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔
جج نے مقدمے کی مزید سماعت پانچ جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر دس گواہوں کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ انصاف کیلئے قانون کے مطابق ریلیف نہ دینے پر انہیں مایوسی ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ مناسب وقت پر سب چیزیں سامنے آ جائیں گی۔
کاظمی کے مطابق ایف آئی اے حکام نے انہیں بتایا کہ ان پر کیس کے حوالے سے بہت دباؤ تھا۔
قبل ازیں پچیس مئی کو خصوصی عدالت نے کاظمی کی بریت کی درخواست مسترد کردی تھی اور ان کے ساتھ دوسرے فریقین پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیئے تیس مئی کا دن منتخب کیا تھا۔
اس سے قبل جب سنہ دو ہزار دس کے آواخر میں کاظمی کو جب ان کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا تو انہوں نے اپنی برطرفی کو دوسرے وزرأ کی ایک سازش قرار دیا تھا۔ سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ان کی برطرفی حج کرپشن اسکینڈل کی وجہ سے نہیں ہوئی۔