پاکستان

ناراض ساتھی وزرا رحمان ملک پر برس پڑے

کابینہ اجلاس میں کراچی کی مخدوش صورتحال پر وزیر داخلہ پر سخت تنقید، امن وامان میں ناکامی کا ذمہ دار قرار ۔

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کراچی میں قیام امن کیلئے مخدوم امین فہیم کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں امن و امان بالخصوص  کراچی کی صورتحال اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سندھ سے تعلق رکھنے والے کابینہ کے ارکان وزیر داخلہ رحمان ملک پر برس پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں ناکام ہو چکے ہیں۔

کمیٹی کے باقی ارکان میں مولابخش چانڈیو، سید خورشید شاہ اور نوید قمر شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کمیٹی کو تمام اتحادی جماعتوں اور سندھ کے قوم پرست رہنماؤں سے فوری رابطے کرنے اور کراچی میں امن کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے۔