بھارت: ٹرینوں میں تصادم، چودہ ہلاک

بنگلور جانے والی مسافر ٹرین آندھرا پردیش میں سامنے سے آنے والی مال گاڑی کے ساتھ ٹکرا گٰئی۔

بنگلور: جنوبی بھارت میں مسافر ٹرین اور مال گاڑی کے تصادم کے نتیجے میں کم سے کم چودہ افراد ہلاک جبکہ تیس زخمی ہوگئے۔

مقامی ریلوے حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب منگل کی صبح بنگلور جانے والی ہمپی ایکسپرس ٹرین آندھرا پردیش میں پینیکونڈا اسٹیشن پر سامنے سے آنے والی مال گاڑی کے ساتھ  ٹکرا گٰئی۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈرائیور نے سامنے آتی مال گاڑی کو دیکھ کر ایمرجنسی بریک لگانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے تین کوچیں الٹ گئیں۔

تصادم کے بعد ایک کوچ میں آگ بھی لگ گئی۔

امدادی کارکن اور طبی امدادی کارکن نے جائے وقوعہ  پر پہنچ کر الٹی ہوئی کوچوں سے لوگوں کو باہر نکالا۔

ریلوے کے علاقائی تعلقات عامہ کے ایک افسر نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں  میں ایک بچہ اور دو عورتیں بھی شامل ہیں ۔

نئی دہلی میں وزارت ریلوے کے اعلی افسر نے حادثے کی ممکنہ وجہ مسافر ٹرین کے سگنل اور شاٹ کو قرار دیا تاہم انہوں نے کہا کہ محکمہ ابھی تفتیش کے نتائج کا انتظار کر رہا ہے ۔

خیال رہے کہ بھارت میں عوام طویل دورانیے کے سفر کیلئے ٹرینوں کو اب بھی جہازوں پر ترجیع دیتیں ہیں۔

حال ہی میں بھارت میں سب سے آخری بڑا ریلوے حادثہ گزشتہ سال جولائی میں پیش آیا جب کولکلتہ سے نیو دہلی جانے والی تیز رفتار ٹرین اتر پردیش میں پٹری سے اتر گئی تھی۔

حادثے میں اننتر افراد ہلاک ہوئے تھے۔