لاہور: لاہور ہائیکورٹ، راولپنڈی بنچ نے ایفی ڈرین کیس میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی، سابق ڈرگ کنٹرولر شیخ انصار، اور فارما کمپنی کے مالک ندیم ظفر کی ضمانتیں منظور کر لیں ہیں۔
جمعرات کو جسٹس صغیر احمد قادری، جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ایفی ڈرین کیس کی سماعت کی۔
حنیف عباسی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر بحث مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پانچ، پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے سابق ڈرگ کنٹرولر شیخ انصار، اور فارما کمپنی کے مالک ندیم ظفر کی ضمانتیں منظور کر تے ہوئے انہیں بھی ایک شخصی ضمانت اور پانچ، پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
عدالت نے سابق وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب الدین کے اثاثہ جات ضبطگی کے خلاف درخواست پر سماعت ایک ہفتہ تک ملتوی کردی ہے۔