دنیا

اسلام جارحیت کی ممانعت اور امن کا درس دیتا ہے، خطبہ حج

مسلمان آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا، مسلمان حاکم امت کو مسائل سے نکالنے کیلئے کوششیں کریں۔

عرفات: سعودی عرب کے مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز نے کہا ہے کہ عالم اسلام توحید کے پیغام کو عام کرے کیونکہ یہی واحد راستہ ہے جس پر چل کر مسلمان دنیا اور آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت و تکریم کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور مسلمان کسی قیمت پر بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا، اسلام جارحیت کی ممانعت اور امن کا درس دیتا ہے۔

 جمعرات کو مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت میں موجود اخلاقی برائیوں سے نجات اسی وقت ممکن ہو گی جب ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اعتدال کا راستہ اختیار کرینگے اور اپنے مال حلال طریقے سے خرچ کرینگے۔

مفتی اعظم نے کہا کہ مسلمان حکمران عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں، اللہ زکوٰۃ کے نظام کا حکم دیتا ہے اور سود کو ناپسند کرتا ہے لہٰذا ہمیں اپنی تجارت کو فروغ دے کر سود کے نظام کا خاتمہ کرنا ہو گا۔

 شیخ عبدالعزیز نے کہا کہ عالم اسلام کے سیاسی، اقتصادی، غذائی قلت اور صحت جیسے مسائل ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر کے اور مشترکہ وسائل بروئے کار لا کر اتحاد و یکجہتی سے ہی حل ہونگے، اسلام جارحیت کی ممانعت کرتا ہے اور امن کا درس دیتا ہے، ہمیں اپنی داخلی اور خارجی پالیسیوں کو بھی اسلامی شعار کے مطابق ڈھالنا ہو گا اور اپنے دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا۔

 مفتی اعظم نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کلمہ توحید لائے مشرکین جو بتوں کی پوجا کرتے تھے وہ توحید پر ایمان لائے، اسلام کا پیغام سب سے افضل ہے۔ جسے اللہ ہدایت دیتا ہے اسے کوئی گمراہ نہیں کر سکتا ہے اور جسے اللہ ہدایت نہ دے اسے کوئی راہ راست پر نہیں لا سکتا۔

انہوں نے کہا  کہ مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ اپنی زندگیاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق گزاریں۔ مسلمانوں کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہئے اور آپس کے تعلقات بہتر بنانے چاہئیں۔

شیخ عبالعزیز نے مزید کہا کہ مسلمان پر لازم ہے کہ کسی بھی قوم کو عدل کے حق سے محروم نہ کرے، اسلام جارحیت کو فروغ دینے کی ممانعت اور اعتدال اور اخوت کی تعلیم دیتا ہے۔ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ امن و سلامتی کو فروغ دو۔

انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدل، احسان اور انصاف قائم کر کے ہی عالم اسلام کو مصائب سے نکالا جا سکتا ہے۔ عالم اسلام کے حاکموں پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ امت کو مسائل سے نکالنے کیلئے کوششیں کریں۔

مفتی اعظم نے کہا کہ یوم عرفہ اسلام کی سربلندی کا مظہر ہے اور حاجیوں سے کہا کہ آج اللہ سے عہد کریں کہ وہ گناہوں سے بچیں گے۔

انہوں نے اللہ سے دعا کی کہ مسلمان دنیا میں جہاں بھی مشکلات کا شکار ہیں اللہ تعالیٰ ان کی مشکلات دور کرے، کمزوروں کو طاقت عطا فرمائے اور تمام حاجیوں کی دعائیں قبول فرمائے۔