لائف اسٹائل

یش چوپڑا انتقال کرگئے

یش چوپڑا ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے بعد ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل تھے۔

نئی دہلی: ہندوستان کے معروف فلم ساز اورہدایت کار یش چوپڑا ڈینگی بخار کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کی عمر اسی سال تھی

یش چوپڑا کو گزشتہ ہفتے ڈینگی بخار کے بعد ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ اتوار کی شام انتقال کر گئے۔

یش چوپڑا ستائیس ستمبر 1932 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پانچ دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں محبت اور رومانس کی چند یادگار فلمیں دیں۔

انہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ بالی وڈ کی کامیاب ترین فلمیں’دیوار‘، ’کبھی کبھی‘اور ’ترشول‘ بنائیں۔

ان کی پہلی فلم ’دھول کا پھول‘ 1959 میں آئی تھی، جس کا گیت ’تو ہندو بنے گا نہ مسلمان بنے گا‘ آج تک لوگوں کی یاد کا حصہ ہے۔

انہوں نے 1973 میں اپنی فلم کمپنی ’یش راج فلمز‘ بنائی اور اس کی شروعات ’داغ، اے پوئم آف لوو‘ سے کی۔

اس کے بعدان کی فلموں ’سلسلہ`، ’مشعل`، ’چاندنی` اور ’لمحے‘نے بالی وڈ میں ایک منفرد رجحان کو جنم دیا۔

انہیں مختلف اعزازات سے نوزا گیا اور چھ بار نیشنل فلم ایوارڈ اور گیارہ بار فلم فیئر ایوراڈ دیے گئے جن میں چار بار بہترین ہدایت کار ایوارڈ شامل تھا۔

یش چوپڑہ نے آئی ایس جوہر اور اپنے بڑے بھائی بی آر چوپڑہ کے اسسٹنٹ کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

یش چوپڑا بیماری کے حملے سے قبل اپنی تازہ فلم ’جب تک ہے جاں‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔