پاکستان

کراچی: مختلف واقعات میں گیارہ افراد ہلاک

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مرتضٰی چورنگی پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے ۔

کراچی: کراچی میں کل سے اب تک تشدد کے مختلف واقعات میں گیارہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کئی واقعات میں قتل کئے جانے والے افراد کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، سعید آباد ڈاکخانے، لانڈھی چھتیس بی اور دھوبی گھاٹ، گارڈن میں فائرنگ سے مجموعی طور پر تین افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ منظور کالونی میں چھریوں کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

بلدیہ ٹاون میں گزشتہ روز زخمی ہونے والاسیاسی جماعت  کا کارکن دوران علاج دم توڑگیا۔

کورنگی مرتضٰی چورنگی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہواجبکہ ناظم آباد  کے علاقےاورنگ آباد سے خاتون کی لاش ملی ہے۔

میمن گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حاجی شکور نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول جرائم پیشہ تھا اور قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

لانڈھی مرتضی چورنگی کے قریب زمان آباد سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی جسے فائرنگ کے بعد ہلاک کیا گیا۔لیاری ماڑی پور روڈ سے کراون سینما کے قریب سے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی جسے اغوا کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا اور ان تمام مقتولین کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ۔

ریڑھی گوٹھ کے قریب ساحل سے ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی ۔

ادھر گزشتہ روز بلدیہ ٹاون میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا سیاسی جماعت کا کارکن رفیق دوران علاج دم توڑ گیا مقتول کی ہلاکت کے بعد بلدیہ ٹاون کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں اورکسی بھی ناخشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے علاقے میں رینجرز اور پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔