پاکستان

قواعد کے خلاف جاری کئے گئے پاسپورٹ منسوخ کئے جائیں، نثار

وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی میں جاری کئے گئے تمام 2002 پاسپورٹ فوری طور پر منسوخ کئے جائیں۔

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ہدایت کی ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی میں جاری کئے گئے تمام 2002 پاسپورٹس فوری طور پر منسوخ کئے جائیں۔

ہفتہ کو اعلٰی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ چیف کمشنر ہوٹلوں اور ریسٹوران میں ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی اور وہاں صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے چیکنگ کریں۔

 انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کے اندر تمام کرپٹ عناصر کی نشاندہی کی جائے اور انہیں برطرف کیا جائے، کچی آبادیوں،تجاوزات کا فوری طور پر اندراج کیا جائے اور ان علاقوں سے جرائم پیشہ عناصر کے صفایا کیلئے پولیس آپریشن شروع کیا جائے۔

 چوہدری نثار نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ آئی سی ٹی سے بدعنوان ریونیو افسران اور انتظامی افسران کو ہٹائے اورایف آئی اے انسانی سمگلنگ اور غیرقانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے ہنگامی منصوبہ تیار کرکے اسے نیب کو پیش کرے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کا آئی الیون سیکٹر میں حالیہ آپریشن قابل اطمینان ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ اسلام آباد اور اس کے اطراف تمام غیررجسٹرڈ کچی آبادیوں کا بغور جائزہ لیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان علاقوں سے کوئی مجرمانہ سرگرمی نہ ہو اور وہاں کوئی جرائم پیشہ پناہ نہ لیں۔

اس موقع پر ٹریفک پولیس نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلیوں سمیت وی آئی پیز کو جرمانے کے ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔

ڈی جی امیگریشن اور پاسپورٹس نے وزیر داخلہ کو اپنے ادارے کی کارکردگی اور اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کی شکایات کے ازالہ اوران کو سہولت فراہم کرنے کیلئے علاقائی دفاتر میں سہولیاتی و معلوماتی ڈیسک قائم کئے گئے ہیں۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ بلو پاسپورٹس صرف اہل افراد کو ہی جاری کئے جائیں اور اس سلسلہ میں قواعد میں کوئی نرمی نہ برتی جائے۔

 نادرا کے چیئرمین نے صوبہ بلوچستان میں زلزلہ سے متاثرہ ضلع آوران میں امدادی کارروائیوں کے سلسلہ میں اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کی موبائل گاڑیوں نے متاثرہ لوگوں کو جن کے شناختی دستاویزات گم ہو گئی ہیں انہیں دوبارہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کا کام شروع کردیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں گھر گھر جائزہ بھی جاری ہے۔

 وزیرداخلہ کواسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ای ٹیگ سروس کے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ایف آئی اے کے حکام نے وزیرداخلہ کو بتایا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث 14بڑے مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ جعل سازی پر چھ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔