پاکستان

غیر شفاف انتخابات اور غیر نمائندہ حکومتیں مسائل کی جڑ ہیں، شاہد خاقان

تمام سیاسی جماعتوں کو دہشتگردی کے خلاف متفق ہونے کی ضرورت ہے، اجلاس میں شرکت کیلئے عمران خان کو پے رول پر رہا کرنے میں کوئی حرج نہیں، سربراہ عوام پاکستان پارٹی
Welcome

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ غیر شفاف انتخابات اور غیر نمائندہ حکومتیں تمام مسائل کی جڑ ہیں جب کہ تمام سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف متفق ہونے کی ضرورت ہے اور اجلاس میں شرکت کے لیے بانی پی ٹی آئی کو پے رول پر رہا کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

لاہورمیں ایم کیو ایم سینٹرل پنجاب کے صدرکی پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں اگر اپوزیشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو پے رول پر لانے کا مطالبہ تسلیم کر لیا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو دہشگردی کےخلاف متفق ہونےکی ضرورت ہے۔ماضی میں جو غلطیاں ہوئی انکو نہیں دوہرانا چاہیے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں اضافے کی وجہ حکومت کی ناکامی ہے، حکومت میں صلاحیت نہیں کہ مسائل کوحل کرسکے ، آج ضرورت ہے کہ کوئی جماعت ملکی مسائل کو حل کرے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پہلے سولر کی پالیسی بنائی اور اب خود ہی توڑدی پہلے بتایا بجلی کی قیمت میں اضافے کی وجہ آئی پی پیز کے معاہدے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت جب تحریریں معاہدہ توڑتی ہے تو نقصانات ہوتے ہیں جب کہ اس وقت تمام مسائل کی جڑ غیر شفاف الیکشن اور غیر نمائندہ حکومتیں ہیں۔