پاکستان

پنجاب پولیس کے سرچ اینڈ سوئپ آپریشنز، 309 اشتہاری، 141 مفرور، 62 عادی مجرم گرفتار

مشتبہ افراد کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد، 3 ڈاکو بھی کیفرکردار کو پہنچے، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، آئی جی پنجاب کی کارروائیوں کی تعریف
Welcome

پنجاب پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سوئپ آپریشنز کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 309 اشتہاری، 141 عدالتی مفرور اور 62 عادی مجرموں کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 43 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے دوران 467 افراد کی شناخت اور پوچھ گچھ کی گئی، کومبنگ آپریشنز کے دوران 55 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں، جنہیں ضبط کرکے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 3 ڈاکو کیفرکردار کو پہنچے، جب کہ ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے پنجاب پولیس کی فرضی مشقیں جاری رہیں گی۔