پاکستان

پنجاب: عدالتی نظام جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت کے استعمال پرغور، سفارشات طلب

مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہم کیسز کے تجزیے، ڈیٹا مینجمنٹ، اور فیصلوں میں معاونت کو بہتر بنا سکتے ہیں، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) سے قانونی معاونت لینے کے لیے سفارشات طلب کر لیں۔

دفتر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی پراسیکیوٹر جنرل سید فرحاد علی شاہ نے پراسیکیوٹر جنرل آفس میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایمپلیمنٹیشن محمد ارشد علی فاروقی، ڈائریکٹر فنانس آصف انجم وڑائچ، ڈائریکٹر ایڈمن، اور دیگر تمام شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس کا مقصد عدالتی اور قانونی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر غور کرنا تھا۔

اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور مصنوعی ذہانت ایک ایسا ذریعہ ہے جس سے قانونی نظام کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہم کیسز کے تجزیے، ڈیٹا مینجمنٹ، اور فیصلوں میں معاونت کو بہتر بنا سکتے ہیں، یہ نہ صرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو بھی تیز اور شفاف بنائے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اجلاس میں مصنوعی ذہانت کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا، جن میں کیس مینجمنٹ، ڈیجیٹل ریکارڈنگ، اور قانونی دستاویزات کے تجزیے جیسے موضوعات شامل تھے۔

پراسیکیوٹر جنرل نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں جامع حکمت عملی تیار کریں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ عدالتی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے، اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے یہ ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

پراسیکیوٹر جنرل نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مصنوعی ذہانت کے عملی اطلاق کے لیے فوری اقدامات کریں اور اس حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ جلد از جلد پیش کریں۔