سال 2024 میں ملک سے باہرجانے والے پاکستانیوں میں نمایاں کمی
سرکاری اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ سال 2024 میں سال 2023 کے مقابلے ملک چھوڑ کر بیرون ملک روزگار کی تلاش میں جانے والے افراد میں نمایاں کمی ہوئی۔
خیلجی اخبار ’گلف نیوز‘ نے پاکستانی سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سال 2024 میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 27 ہزار 381 پاکستانی روزگار کی خاطر بیرون ملک گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2023 میں ملک چھوڑنے والے پاکستانیوں کی تعداد 8 لاکھ 62 ہزار 561 تھی۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ مذکورہ اعداد و شمار حکومت کی جانب سے مرتب کردہ ہیں جو کہ حکومتی پراسیس کے ذریعے بیرون ملک گئے، تاہم نجی ٹوئر، ٹریول اور جاب آپریٹرز کے ذریعے بیرون ملک منتقل ہونے والے افراد کی تعداد الگ ہے۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت کے بجائے نجی آپریٹرز کے ذریعے بیرون ملک منتقل ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد حکومتی اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہوگی، تاہم اس حوالے سے کوئی مستند اعداد و شمار دستیاب نہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں سب سے زیادہ 4 لاکھ 52 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب منتقل ہوئے جب کہ دوسرے نمبر پر 81 ہزار 578 پاکستانیوں کے ساتھ عمان دوسرے نمبر پر رہا۔
روزگار کے سلسلے میں پاکستانیوں کے انتخاب کے حوالے سے تیسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) رہا، جہاں 64 ہزار پاکستانی منتقل ہوئے۔
مجموعی طور پر روزگار کے سلسلے میں سب سے زیادہ پاکستانی خلیجی ممالک منتقل ہوئے، جن میں قطر، بحرین اور کویت بھی شامل ہیں۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک منتقل ہونے والے پاکستانیوں میں زیادہ تر ڈرائیورز اور دوسرے تجربہ کار مزدور تھے اور ایسے پاکستانیوں کی تعداد 75 فیصد تک تھی۔
روزگار کے سلسلے میں سال 2024 میں 3 ہزار 642 ڈاکٹرز جب کہ 8 ہزار 81 انجنیئرز بھی بیرون ممالک منتقل ہوئے۔
اچھی، صاف ستھری اور دفتری ملازمت کے خواہش مند کچھ پاکستانیوں نے برطانیہ، امریکا، یورپ کے دیگر ممالک سمیت دوسرے ترقی یافتہ ممالک کا بھی رخ کیا۔
اعداد و شمار میں دعویٰ کیا گیا کہ مجموعی طور پر گزشتہ سال روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 2023 کے مقابلے ڈیڑھ لاکھ تک کمی نوٹ کی گئی۔