براڈ پٹ کے جعلی اکاؤنٹ سے خاتون کے ساتھ دھوکا، طلاق لے لی، پیسے بھی دے دیے
جعل سازوں نے براڈ پٹ بن کر فرانسیسی خاتون سے 8 لاکھ پچاس ہزار امریکی ڈالرز یعنی پاکستانی 23 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد رقم ہڑپ کرلی
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق فرانس میں آن لائن فراڈ کی ایک انوکھی واردات پیش آئی، جہاں جعل سازوں نے نامور امریکی اداکار براڈ پٹ بن کر 53 فرانسیسی خاتون سے 8 لاکھ پچاس ہزار ڈالرز لوٹ لیے۔
متاثرہ خاتون 12 جنوری کو فرانسیسی ٹی وی شو میں سامنے آئیں، جہاں انہوں نے بتایا کہ انہیں جین ایٹا پین جوکہ براڈ پٹ کی والدہ ہیں، کے اکاؤنٹ سے پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ وہ اپنے بیٹے کا رشتہ ان کے ساتھ کروانا چاہتی ہیں۔
مذکورہ خاتون ’این‘ نے بتایا کہ اس پیغام کے چند دن بعد انہیں پراڈ پٹ کے جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹ سے پیغام موصول ہوا جس میں جعل سازوں نے اداکار کی اے آئی سے تیار کردہ تصاویر شیئر کیں جس سے انہیں یقین ہوگیا کہ وہ امریکی اداکار سے ہی بات چیت کررہی ہیں۔
متاثرہ خاتون نے مزید بتایا کہ دونوں کے درمیان تقریباً 18 ماہ تک میسجز کا تبادلہ ہوا جس سے انہیں لگا کہ ان دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات ہیں، ساتھ ہی جعل سازوں نے ایک کہانی گھڑی جس میں کہا گیا کہ اداکار کو گردے کے ٹرانسپلانٹ کے لیے مالی امداد کی ضرورت ہے کیونکہ سابقہ اہلیہ اینجلینا جولی سے طلاق کے بعد سے وہ مالی تنگی کا شکار ہیں۔
این نے بتایا کہ انہیں جعل سازوں پر یقین آگیا اور انہوں نے اپنے خاوند سے بھی طلاق لے لی جبکہ اپنی جمع پونجی جعلی براڈ پٹ کو بھیج دی جوکہ 8 لاکھ پچاس ہزار ڈالرز تھے، تاہم جب بعد میں انہیں علم ہوا کہ اداکار براڈ پٹ، اینے ڈی رامون کے ساتھ تعلقات میں ہیں تو انہیں احساس ہوا کہ ان کے ساتھ اسکام ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ، ’پہلے میں سمجھی کہ یہ جعلی ہے لیکن میں سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتی اور مجھے واقعی سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے، میں اپنے آپ سے پوچھتی ہوں کہ انہوں نے مجھے ہی کیوں چنا؟ میں نے کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا، یہ لوگ جہنم میں جانے کے مستحق ہیں‘۔
53 سالہ این، انٹیریئر ڈیکوریٹر ہیں جبکہ وہ ذہنی مسائل کا بھی شکار ہیں۔ انہوں نے چینل کو بتایا کہ وہ شدید ڈپریشن میں مبتلا تھیں اور ہسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس انکشاف کے بعد سے انہیں آن لائن ہراساں کیا جارہا ہے جبکہ صارفین ٹرولنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔