پاکستان

کراچی میں نماز فجر پڑھ کر لوٹنے والا 17 سالہ نوجوان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

واقعہ کورنگی سیکٹر 51 سی میں پیش آیا، نوجوان مسجد سے نکلا تو ڈاکو گھر میں ڈکیتی ڈال کر فرار ہورہے تھے، مظفر کے شور مچانے پر سر میں گولی مار دی، ایس ایچ او اور چوکی انچارج معطل

کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈاکوؤں نے نماز فجر پڑھ کر لوٹنے والے نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا، ایس ایس پی کورنگی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او زمان ٹاؤن اور چوکی انچارج کو معطل کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی 51 سی میں نماز فجر پڑھ کر لوٹنے والا 17 سالہ نوجوان مظفر اقبال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔

ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے بتایا کہ ڈاکو ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران مقتول مسجد سے نماز پڑھ کر نکل رہا تھا، مظفر نے ڈاکوؤں کو دیکھ کر شور مچایا جس پر ڈاکو فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جبکہ 17 سالہ مظفر اقبال سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے واقعے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او زمان ٹاؤن رضوان قریشی اور تصویر محل چوکی کے انچارج نعمان کو معطل کردیا۔

مقتول کی والدہ نے بتایا کہ میں گھر میں تھی، گولی کی آواز آئی تو کسی نے بتایا کہ مظفر کو گولی لگی ہے، جب میں پہنچی تو مظفر خون میں لت پت ملا، انہوں نے کہا کہ مجھے انصاف چاہیے، میرا بیٹا نماز پڑھنے گیا تھا۔

مقتول مظفر محنت کش اور چار بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا، مقتول کے بھائی نے کہا کہ ہمارے بھائی کو ناحق مارا گیا ہے، ہمیں انصاف چاہیے۔

اہل علاقہ نے مظفر کی ہلاکت پر وارداتوں کی شکایتوں کے انبار لگادیے، انہوں نے کہا کہ یہاں تو وارداتیں عام ہیں، گھر کے باہر بیٹھے بچوں سے موبائل فون چھین لیے جاتے ہیں۔