اسلام آباد: منشیات کو کھیلوں کے سامان میں چھپا کر بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کو کھیلوں کے سامان میں چھپا کر بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ڈان نیوز کے مطابق اے این ایف کی جانب سے اسلام آباد میں واقع کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ کے لیے بک پارسل میں کیرم بورڈ میں مہارت سے چھپائی گئی ایک کلو 20 گرام آئس برآمد کی گئی۔
انسداد منشیات کے قومی ادارے نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی، آبپارہ مارکیٹ میں واقع نجی کوریئر کمپنی کے دفتر سے نیوزی لینڈ کے لیے بک کروایا گیا پارسل قبضے میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق پارسل میں کیرم بورڈ موجود تھا، جب پارسل کو کھولا گیا اور اس کی جانچ کی گئی تو کیرم میں انتہائی مہارت سے چھپا کر رکھی گئی ایک کلو سے زائد آئس (منشیات) برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف کے مطابق مذکورہ پارسل آزاد کشمیر کے رہائشی شخص کی جانب سے بک کروایا گیا تھا، منشیات کو قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2024 میں اے این ایف نے 700 کلو گرام میتھامفیٹامائن (آئس) ملائیشیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں اے این ایف نے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر آئس اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنائی تھی اور ملائيشيا کے لیے بُک کیے گئے کنٹینر سے 700 کلو گرام آئس برآمد کرلی گئی تھی۔