لائف اسٹائل

شادی کے لیے اہلیہ نے بہت قربانیاں دیں، کرکٹر حسن علی اہلیہ کے معترف

حسن علی نے بھارتی لڑکی سامعہ آرزو سے اگست 2019 میں متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں شادی کی تھی اور اب دونوں کو دو بچے بھی ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے اہلیہ کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کے لیے ان کے مقابلے ان کی بیوی نے زیادہ قربانیاں دیں۔

حسن علی نے بھارتی لڑکی سامعہ آرزو سے اگست 2019 میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں شادی کی تھی اور اب دونوں کو دو بچے بھی ہیں۔

حال ہی میں حسن علی نے مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

کرکٹر نے بتایا کہ پہلی بار وہ اپنی اہلیہ سے دبئی میں ہی ملے تھے اور ان کے ایک مشترکہ دوست نے دونوں کی ہوٹل میں ملاقات کروائی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی ملاقات کے وقت ان کا بھارتی لڑکی سے شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن بعد میں ان کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا تو دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔

حسن علی کے مطابق دو مختلف ممالک کے افراد کی آپس میں شادی آسان فیصلہ نہیں تھا اور پاکستان اور بھارت سے تعلق ہونے کی وجہ سے ان کی شادی مزید مشکل میں پڑ سکتی تھی، اس لیے انہوں نے شادی سے پہلے ہی کافی غور کیا۔

انہوں نے بتایا کہ شادی سے قبل یہی فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے بجائے کسی تیسرے ملک میں رہیں گے لیکن پھر مذکورہ فیصلے کو بھی تبدیل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چوں کہ وہ کرکٹر تھے، اس لیے ان کے لیے تیسرے ملک یعنی دبئی میں ہر وقت رہنا مشکل تھا، اس لیے پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔

حسن علی نے شادی کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی اہلیہ کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے دبئی میں اپنی فضائی کمپنی (ایماریٹس ایئرلائن) کی ملازمت چھوڑی اور ان کے ساتھ پاکستان منتقل ہوگئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اہلیہ کے پاس اب بھی بھارت کی شہریت ہے لیکن وہ اب ان کے ہمراہ پاکستان میں ہی مقیم ہیں۔

انہوں نے اہلیہ کی قربانیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ ان کی بیوی نے ان کی خاطر دبئی چھوڑا اور پاکستان منتقل ہوئیں، اب انہیں دو بچے ہیں اور وہ کامیاب شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں۔

حسن علی نے بتایا کہ گزشتہ برس کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران وہ سسرال بھی گئے اور انہوں نے وہاں اچھا وقت گزارا۔

قومی کرکٹر حسن علی کی زندگی کے نئے سفر کا آغاز

کرکٹر حسن علی کی اہلیہ کی پاکستان آمد، گھر کو پھولوں سے سجادیا

کرکٹر حسن علی کی شادی کے چند خاص لمحات