پاکستان

’بٹ کوائن ڈکیتی‘ کا معاملہ: ملزمان سے ایک کروڑ سے زائد رقم اور پرتعیش کار برآمد

ملزمان نے چوری شدہ رقم بینک میں ٹرانسفر کرنے کے بعد ایک پرتعیش گاڑی سیڈان مرسڈیز بینز خریدی، تحقیقاتی افسر

کراچی میں کرپٹو کرنسی ڈیلر کو اغوا کرکے اس کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالرز ٹرانسفر کرانے والے ملزمان سے تحقیقاتی ٹیم نے ایک کروڑ سے زائد رقم اور ایک پرتعیش کار برآمد کرلی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق کرپٹو کرنسی ڈیلر کے اغوا سے متعلق کیس کی سماعت کراچی میں کلفٹن کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔

دوران سماعت تحقیقاتی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں گرفتار ملزمان بشمول 2 سی ٹی ڈی اہلکاروں، نے چوری شدہ رقم کو ایک بینک منتقل کیا اور بعد میں اس سے ایک پرتعیش گاڑی سیڈان (مرسڈیز بینز) خریدی جسے برآمد کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی کانسٹیبلز علی سجاد اور محمد عمر کے ہمراہ ملزمان حارث اشعر، محمد رضوان شاہ، نعمان رفت، طارق حسن شاہ، مزمل رضا اور عمر جیلانی کو کلفٹن کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کے سامنے ریمانڈ میں توسیع کے لیے پیش کیا گیا۔

تحقیقاتی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے چوری شدہ رقم سے خریدی گئی مرسڈیز بینز اور ملزمان سے رقم برآمد کی۔

انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ شکایت کنندہ ارسلان ملک نے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں 2 ملزمان کی شناخت کی اور ان کی جرم کی نوعیت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی۔

عدالت میں تحقیقاتی افسر نے ملزمان سے مزید تفتیش کے لیے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی تاکہ مفرور ملزمان جن میں ہماد، زمان، مزمل، علی رضا، رشید لودھی اور دیگر شامل ہیں، کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے تحقیقاتی افسر کی استدعا سننے کے بعد ملزمان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

بعد ازاں ایک پریس ریلیز کے مطابق ملزمان کو پکڑنے کے لیے تشکیل کردہ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کی تحقیقاتی ٹیم نےکرپٹو کرنسی ڈیلر کو اغوا کرکے اس کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالرز ٹرانسفر کرنے والے ملزمان سے پرائز بانڈ کی مد میں تقریباً 9 لاکھ روپے اور ایک مرسڈیز گاڑی برآمد کرلی۔

فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق کرپٹو کرنسی ڈیلر کو 25 دسمبر کی رات ایک بج کر 40 منٹ پر سادہ کپڑوں میں ملبوس 5 افراد نے اغوا کیا تھا، ملزمان بغیر نمبر پلیٹ کی پولیس وین میں ڈیلر کو ایف آئی اے صدر آفس کے قریب لائے تھے جہاں پر ان کے اکاؤنٹ سے زبردستی پیسے ٹرانسفر کیے گئے تھے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ملزمان نے ڈیلر کا موبائل فون ری سیٹ کیا اور اسے مزار قائد کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے جس کے بعد 8 ملزمان کو ڈیلر کے اغوا اور رقم منتقلی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔