کھیل

چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی ان فٹ

آسٹریلیا کے خلاف بورڈر گواسکر ٹرافی کے دوران سڈنی ٹیسٹ میں فاسٹ باؤلر کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے، بھارتی میڈیا

پاکستان میں شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا انجری کا شکار ہوگئے ہیں اور ممکنہ طور پر وہ ایونٹ سے باہر ہوسکتے ہیں۔

بھارتی خبررساں ادارے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق جسپریت بمرا کمر کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے وہ اگلے ماہ پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے مکمل طور پر باہر ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف بورڈر گواسکر ٹرافی میں مین آف دی سیریز رہنے والے بھارتی فاسٹ باؤلر سڈنی ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے، بمراہ کی کمر میں سوجھن کی تشخیص ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جسپریت بمراہ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنگلورو میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں ان کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور ممکنہ طور پر وہ کچھ وقت کے لیے کرکٹ سے دور ہوسکتے ہیں، سلیکشن کمیٹی کو بھی ان کی فٹنس سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھارت نے انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں بمرا کو شامل نہیں کیا گیا، ان کی جگہ فاسٹ باؤلر محمد شامی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ 8 ٹیموں پر مبنی منی ورلڈکپ یعنی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہوگا جب کہ بھارت اپنے تمام میچز نیوٹرل وینیو (دبئی) میں کھیلے گا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔