امریکا نے پاکستان میں کسی شخصیت کو ریلیف دینےکا نہیں کہا، وزیر دفاع
وزیردفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ امریکا نے پاکستان میں کسی شخصیت کو ریلیف دینےکا نہیں کہا۔
اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں لوٹ مار عروج پر تھی، ان لوگوں نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ذاتی فواہد حاصل کیے اور 190ملین پاؤنڈ کا کیس بھی اس کی ایک جھلک ہے، 190ملین پاؤنڈ سرکار اور پاکستانی عوام کے پیسے تھے جو برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستانی حکومت کو بھجوائے لیکن بانی پی ٹی آئی نے ذاتی فوائد کے حصول کیلئے وہ رقم ایک شخص کے اکائونٹ میں جمع کروا دی۔
ان کا کہنا تھا کہ القادر یونیورسٹی میں کتنی کلاسیں ہوتی ہیں، کتنی ڈگریاں دی جاتی ہیں، وہاں کیا تعلیم دی جاتی ہے، اس یونیورسٹی کا کیا کردار ہے اس بارے میں میڈیا کو چاہیئے کہ وہ خود وہاں جا کر تحقیقات کرے اور دیکھے کہ وہاں کیا ہو رہا ہے ، اب تک چار سالوں میں وہاں کتنے لوگ فارغ التحصیل ہوئے ہیں اور کتنے طلبا وہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ابھی عدالت نے 190ملین پائونڈ کیس کا فیصلہ دینا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ آج بھی ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، ان لوگوں سے ملک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، یہ انتشار پھیلا کر ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، ان کے تمام منفی حربے پہلے بھی ناکام ہوئے اور آئندہ بھی ان لوگوں کو شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر اپنے ملک نہ بھیجنے کا حربہ بھی استعمال کیا لیکن عوام نے ان کی انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پہلے سے بھی زیادہ ترسیلات زر بھجوائیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے صرف جھوٹ بولتے ہیں ، 35 پنکچرز سے لیکر آج تک کسی بھی بات کا ثبوت نہیں دے سکے لیکن پروپیگنڈا میں سب سے آگے ہیں، ان کے تمام تر منفی حربے پہلے بھی ناکام ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کا محاسبہ جاری رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی ساری حقیقت عوام کے سامنے آ چکی ہے اور مزید بھی یہ لوگ بے نقاب ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ امریکہ کے بارے میں ایبسو لوٹلی ناٹ کا شور ڈالتے تھے لیکن اب ایبسولوٹلی یس ہو چکا ہے ،یہ لوگ امریکہ کی منت سماجت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ دیکھےکہ القادر یونیورسٹی میں کیا تعلیم دی جاتی ہےاور کیا معیار ہے، ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں جو کچھ ہوا، اس کی مثال نہیں ملتی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی بیرون ملک پاکستان کوبدنام کر رہی ہے، یہ بھی واضح کیا کہ امریکا نے پاکستان میں کسی شخصیت کو ریلیف دینےکا نہیں کہا۔