پاکستان

سی پیک کا دوسرا مرحلہ: خصوصی اقتصادی زونز، صاف توانائی، زراعت اور روزگار پر فوکس

سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چین کے نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ کی مشترکہ صدارت میں بیجنگ میں سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ برائے بین الاقوامی تعاون و رابطہ کا پانچواں اجلاس
|

پاکستان اور چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جس میں صنعتکاری، خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈز)، صاف توانائی، زراعت اور روزگار کے منصوبوں پر زور دیا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان بیجنگ میں ہونے والے سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ برائے بین الاقوامی تعاون و رابطہ (جے ڈبلیو جی-آئی سی سی) کے پانچویں اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چین کے نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ نے کی۔

اجلاس میں علاقائی رابطوں، تعاون اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں سی پیک کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا گیا۔

دونوں فریقین نے 21 جنوری 2024 کو اسلام آباد میں ہونے والے جے ڈبلیو جی آئی سی سی کے چوتھے اجلاس کے بعد سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

سیکریٹری خارجہ نے سی پیک کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی بنیاد اور پائیدار دوستی کی روشن علامت قرار دیا۔

چین کے نائب وزیر خارجہ نے سی پیک 2.0 کے تحت متعارف کرائے گئے نئے راستوں یعنی ترقی، معاش، جدت طرازی، اوپن اور گرین کوریڈور اور پاکستان کے قومی ترقیاتی فریم ورک کے ساتھ ان کے انضمام پر روشنی ڈالی، جس کا محور 5 ای ہیں، جن میں برآمدات(ایکسپورٹ)، ای پاکستان، توانائی (انرجی) ، ماحولیات (انوائرمنٹ) اور ایکویٹی شامل ہیں۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی ’مثبت سمت‘ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، اعلی ٰ سطح کے تبادلوں اور مکالمے کے طریقہ کار سمیت باہمی تعاون اور مشاورت کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

سیکریٹری خارجہ نے پاک چین تعلقات کو ’خصوصی اور منفرد‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس پائیدار دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

فریقین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت کثیر الجہتی فورمز پر باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

بعد ازاں سیکریٹری خارجہ نے ایگزیکٹیو نائب وزیر خارجہ ما ژاؤسو سے ملاقات کی۔

انہوں نے پاک چین تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اسٹریٹجک تعاون

پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون مستقبل میں بھی مزید گہرا ہوتا رہے گا۔

چینی نئے سال 2025 کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ گزشتہ ماہ خنجراب پاس نے سال بھر کام کرنا شروع کیا، جو تاریخی پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5، جو تعمیراتی مدت کے دوران 40 ہزار براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا کرسکتا ہے، باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ اس منصوبے میں دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملی کو مضبوط بنانے، باہمی فائدے مند اور فائدہ مند تعاون کو گہرا کرنے، سی پیک کی تعمیر کا اپ گریڈ ورژن تیار کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنے کے لیے تیار ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ صدر شی جن پنگ نے حال ہی میں پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھے ہیں، اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اپنی جدیدکاری کی ترقی کے ساتھ دنیا کو نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، سفیر نے رواں ماہ کے اوائل میں ژی زانگ میں آنے والے زلزلے کے بارے میں صدر شی کو خط لکھنے پر صدر اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

جیانگ ژی ڈونگ کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ اچانک قدرتی آفات یا پیچیدہ اور شدید بیرونی ماحول سے قطع نظر، ہم مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں اور بہادری سے آگے بڑھ سکتے ہیں، ایک مضبوط ملک کی تعمیر اور قومی احیا کے حصول کے عظیم مقصد کو مسلسل آگے بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی معیشت مستحکم اور بہتر ہو رہی ہے اور اناج کی مجموعی پیداوار پہلی بار ریکارڈ 1.4 ٹریلین جن تک پہنچ گئی ہے۔