صبح کے وقت کافی پینا زیادہ فائدہ مند
کس وقت کافی پینے کے بہتر فوائد ہوتے ہیں، اس متعلق کی جانے والی ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کافی پینے کا سب سے زیادہ فائدہ صبح کے وقت ہوتا ہے۔
ماضی میں کی جانے والی متعدد تحقیقات میں بتایا جا چکا ہے کہ کافی پینے سے ذیابیطس، امراض قلب اور فالج جیسی پیچیدگیوں کے خطرات کم ہوسکتے ہیں۔
اب پہلی بار ماہرین نے کافی کے اثرات وقت کے حساب سے جانچنے کی کوشش کی اور پایا کہ دن اور شام کے دیگر اوقات کے مقابلے صبح میں کافی پینا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق ماہرین نے 1999 سے 2018 تک کے دورانیے میں 40 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے ان میں ہونے والی پیچیدگیوں کو بھی دیکھا۔
ماہرین نے پایا کہ جن افراد نے باقی اوقات کے مقابلے صرف صبح کو کافی کا متواتر استعمال کیا، ان میں متعدد طبی پیچیدگیاں پیدا ہونے کے خطرات نمایاں طور پر کم ہوئے، جس سے ان کے بیماریوں میں مرنے کے امکانات بھی کم ہوگئے۔
ماہرین نے پایا کہ شام کے مقابلے صبح میں کافی پینے سے فالج ہونے کے خطرات 31 فیصد تک کم ہوسکتے ہیں جب کہ امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں کے شکار ہونے کے بعد مرنے سے امکانات بھی 16 فیصد تک ہوسکتے ہیں۔
ماہرین نے تحقیق میں یہ واضح نہیں کیا کہ صبح کے کس وقت تک کافی کتنی مقدار میں پینا زیادہ فائندہ مند ثابت ہے اور یہ بھی واضح نہیں کیا کہ شام کے وقت کافی پینا زیادہ فائدہ مند کیوں نہیں؟
تاہم ماہرین نے بتایا کہ ممکنہ طور پر شام کے وقت میں کافی کے جسم پر منفی اثرات بڑھ سکتے ہیں، اس سے جسم کے بعض حصوں میں ورم ہونے کے امکانات ہوسکتے ہیں، جس سے پیچیدگیاں بڑھنے کے خطرات ہوتے ہیں۔