دنیا

فرانس: درجنوں اجنبیوں سے بیوی کا ریپ کروانے کا کیس، فحش ویب سائٹ کے بانی پر فرد جرم عائد

بیوی کو نشہ آور اشیا دے کر ریپ کروانے والا مجرم ’کوکو ڈاٹ ایف آر‘ نامی سائٹ کے ذریعے اجنبیوں کو اپنے گھر آنے اور اپنی بیوی کے ساتھ ریپ کرنے کے لیے بھرتی کرتا تھا۔

فرانسیسی پراسیکیوٹرز نے کہا ہے کہ بیوی کو نشہ آور اشیا دے کر درجنوں اجنبیوں سے ریپ کروانے والے ملزم سمیت جنسی جرائم کے ارتکاب کے لیے استعمال ہونے والی ایک ویب سائٹ کے بانی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ’کوکو ڈاٹ ایف آر‘ ویب سائٹ کے بانی اور منیجر آئزک اسٹیڈل کو منگل کے روز حراست میں لیا گیا جس کے بعد ان پر ایک منظم گینگ کے ذریعے غیر قانونی لین دین کو آسان بنانے کے لیے ایک آن لائن پلیٹ فارم کا انتظام کرنے سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے تھے۔

فرانسیسی حکام نے جون 2024 میں اس گمنام پلیٹ فارم کو بند کر دیا تھا، حکام کا کہنا تھا کہ اس ویب سائٹ کو پیڈوفیلیا اور ریپ کے ساتھ ساتھ قتل جیسے متعدد جنسی جرائم کے ارتکاب کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ڈومینک پیلیکوٹ نے 2011 سے 2020 تک اسی ویب سائٹ کے ذریعے اپنی بیوی کا ریپ کروانے کے لیے درجنوں اجنبیوں کو بھرتی کیا تھا۔

ڈومینک پیلیکوٹ نے ویب سائٹ کے چیٹ روم پر ان لوگوں سے بات کی، انہیں گزشتہ سال دسمبر میں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جس نے ان کی سابقہ اہلیہ گیسلے پیلیکوٹ کو فیمنسٹ آئیکون میں تبدیل کر دیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق اطالوی شہری سٹیڈل کو ایک لاکھ یورو کی ضمانت ادا کرنے کی ذمہ داری کے ساتھ عدالتی نگرانی میں رکھا گیا تھا اور اس پر ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

44 سالہ شخص پر منشیات کی اسمگلنگ، چائلڈ پورنوگرافی کی تصاویر رکھنے اور تقسیم کرنے، انٹرنیٹ کے ذریعے نابالغ لوگوں کو جنسی تعلقات میں مشغول ہونے کی ترغیب دینے اور ایک منظم گینگ کے ذریعہ غیر قانونی لین دین کو آسان بنانے کے لیے ایک آن لائن پلیٹ فارم کے انتظام میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر 2024 میں فرانس میں بیوی کو نشہ آور اشیا دے کر درجنوں اجنبی افراد سے اس کا ریپ کرنے والے جنونی شخص کے خلاف ٹرائل کا آغاز ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا مجموعی طور پر 72 مردوں نے 92 مرتبہ ریپ کیا اور ان 72 میں سے 51 کی شناخت ہو گئی ہے جہاں ان مردوں کی عمریں 26 سے 74 سال کے درمیان ہیں جنہوں نے 72 سالہ خاتون کے ساتھ ریپ کیا۔

خاتون کے وکلا کا کہنا ہے کہ ان کی موکلہ کو اتنی طاقتور نشہ آور اشیا دی جاتی تھیں کہ وہ اپنے ساتھ ایک دہائی سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے اس استحصال سے بالکل بے خبر رہیں۔

خاتون کے وکیل اینٹوئن کیموس نے کہا کہ دوران سماعت متاثرہ خاتون کو پہلی بار عصمت دری کے ان تمام واقعات کا پتا چلے گا جنہیں وہ 10 سال سے زائد عرصے سے برداشت کرتی آ رہی تھیں کیونکہ انہیں ان سب کے بارے میں کچھ یاد نہیں اور انہیں اس سب کا 2020 میں ہی پتا چلا تھا۔

پولیس نے ملزم ڈومینک پی سے ستمبر 2020 میں تفتیش شروع کی جب اسے ایک سیکیورٹی گارڈ نے ایک شاپنگ سینٹر میں تین خواتین کے اسکرٹ کے نیچے خفیہ طور پر فلم بناتے ہوئے پکڑا تھا۔

پولیس نے کہا کہ پولیس کو ان کے کمپیوٹر پر ان کی بیوی کی سیکڑوں تصاویر اور ویڈیوز ملی تھیں جن میں ان کی بیوی کو بے ہوشی کی حالت میں دیکھا جا سکتا تھا اور ان تصاویر میں مبینہ طور پر جوڑے کے گھر میں درجنوں افراد کو خاتون سے ریپ کرتے دیکھا گیا۔

تفتیش کاروں کو coco.fr نامی سائٹ پر چیٹس بھی ملیں جس میں ملزم نے اجنبیوں کو اپنے گھر آنے اور اپنی بیوی کے ساتھ ریپ کرنے کے لیے بھرتی کیا تھا۔

ڈومینیک پی نے تفتیش کاروں کے سامنے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی اہلیہ کو طاقتور ٹرنکولائزر خاص طور پر ٹیمسٹا جیسی خواب آور دوا دی، خاتون سے ریپ کے اس عمل کا آغاز 2011 میں اس وقت ہوا جب یہ جوڑا پیرس کے قریب رہ رہا تھا اور دو سال بعد مازان منتقل ہونے کے بعد بھی یہ عمل جاری رہا۔

استغاثہ کے مطابق شوہر نے بھی ریپ کے اس بھیانک عمل میں حصہ لیا، اس کی فلمبندی کی اور اس وحشیانہ عمل کے دوران دوسرے مردوں کو گالم گلوچ اور گندی زبان استعمال کرنے کی ترغیب دیتا رہا۔

ایک ماہر ڈاکٹر نے کہا کہ خاتون کی نشہ آور ادویہ کے زیر اثر حالت نیند کے بجائے کوما کے قریب تھی۔