لکی مروت: بھتہ نہ دینے پر خارجی دہشت گردوں نے 17 سویلینز ورکرز کو اغوا کرلیا
فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے کبل خیل میں بھتہ نہ دینے پر 17 شہریوں کو اغوا کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کبل خیل میں بھتے کے لیے 17 سویلین ورکرز کو اغوا کیا، اغوا کیے جانے والے ورکرز نہتے تھے جب کہ دہشت گردوں نے مقامی ٹھیکدار کی گاڑی کو بھی آگ لگادی۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 8 مغوی ورکزز کو بحفاظت بازیاب کروالیا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق باقی نہتے ورکز کو بھی بازیاب کروالیا جائے گا، اس حوالے سے آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ اقدام کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا جائے گا جب کہ فتنہ الخوراج کی ان پاکستان اور عوام دشمن کارروائیوں کا دین اور اسلامی اقدار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اس سے قبل 18 دسمبر کو بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
13 دسمبر کو آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کیے گئے آپریشن کے دوران 43 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں کارروائی کی تھی، فورسز کی جانب سے مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے تھے۔
اسی طرح 9 سے 13 دسمبر تک صوبہ خیبرپختونخوا میں 18 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 13 دسمبر کو موسیٰ خیل اور پنجگور اضلاع میں دو الگ الگ خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 9 سے 13 دسمبر تک بلوچستان میں 25 دہشت گرد مارے گئے۔