کراچی: رجسٹرڈ قبرستانوں میں تدفین کیلئے 14 ہزار 300 روپے سرکاری نرخ مقرر
قبرستانوں میں کام کرنے والوں کو مقررہ نرخ کے تحت کام کر نے کا پابند کیا ہے، کسی نے مقررہ نرخ سے زائد رقم لی تو سخت کارروائی ہو گی، میئر کراچی
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے رجسٹرڈ قبرستانوں میں تدفین کے لیے 14 ہزار 300 روپے سرکاری نرخ مقرر کردیے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق تمام رجسٹرڈ قبرستانوں میں مقررہ نرخ کے بینرز بھی لگا دیےگئے ہیں۔
اس حوالے سے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ قبرستانوں میں کام کرنے والوں کو مقررہ نرخ کے تحت کام کر نے کا پابند کیا ہے، اگر کسی نے مقررہ نرخ سے زائد رقم لی تو سخت کارروائی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری قبرستان میں تدفین کے لیے مقررہ 14 ہزار 300 روپے سے زائدادا نہ کریں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ قبریں مسمار کرنے والی مافیا کے خلاف بھی فیصلہ کن کارروائی شروع کر دی ہے، کسی کو بھی کے ایم سی کی رجسٹریشن کے بغیر قبرستان میں کام کرنےکی اجازت نہیں ہے۔