پاکستان

2024 میں 10 ارب ڈالر کی منشیات ضبط کی، کریک ڈاؤن جاری رکھیں گے، محسن نقوی

منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، نوجوانوں کو بچانے کیلئے کثیر الجہتی اقدامات کرنا ہوں گے، اے این ایف ہیڈکوارٹرز کے دورے میں اظہار خیال

وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے آگاہ کیا ہے کہ گزشتہ برس 2 ہزار سے زائد آپریشنز میں 10 ارب ڈالر کی منشیات ضبط کی گئی، نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے کریک ڈاؤن پوری قوت سے جاری رکھا جائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈکوارٹرز کے دورے میں محسن نقوی نے کہا کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر کثیر الجہتی اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ انسداد منشیات کے ضمن میں تعاون بڑھانے کے لیے جلد کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، کانفرنس میں خلیجی ممالک کے اینٹی نارکوٹکس فورسز کے سربراہان کو مدعو کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انسداد منشیات کے سلسلے میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے یہ کانفرنس کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی۔

محسن نقوی نے کم وسائل و افرادی قوت کے باوجود پاکستان بھر میں ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر اے این ایف کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ کے اے این ایف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے استقبال کیا۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کو اے این ایف کی کارکردگی، افعال کار اور آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وفاقی سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا اور اے این ایف کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔