حریم شاہ جس اسٹیشن پر ہوں گی وہاں ٹرین وقت پر نہیں چلے گی، عدنان صدیقی
سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ اگر ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا اسٹار حریم شاہ کسی ریلوے اسٹیشن پر موجود ہوں گی تو وہاں سے کوئی بھی وقت پر ٹرین نہیں چلے گی۔
عدنان صدیقی نے حال ہی میں حنا الطاف کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی سیر و سیاحت کی یادیں شیئر کیں اور ساتھ ہی پروگرام میں بتایا کہ وہ کس سیاحتی مقام پر کس شخصیت کے ساتھ کیوں جانا پسند کریں گے؟
پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے برطانوی دارالحکومت لندن کو اپنا سب سے پسندیدہ شہر قرار دیا اور بتایا کہ وہاں انسان آرام سے پیدل سفر کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیویارک کے صرف منہٹن کے علاقے میں پیدل چلا جا سکتا ہے، باقی وہاں پیدل چلنا مشکل ہے، اس لیے مذکورہ شہر انہیں پسند نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پہلی بار وہ 1997 میں شعیب منصور کی دعوت پر سیاحتی دستاویزی فلم بنانے کے لیے یورپی ملک اٹلی گئے تھے اور انہیں بیرون ملک سفر کرنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا، اس لیے انہوں نے بہت ساری غلطیاں کیں۔
اداکار نے بتایا کہ انہیں دنیا کے متعدد ممالک اور شہروں میں گھومنے میں مزہ آیا لیکن انہیں بینکاک بالکل بھی پسند نہیں، وہاں سے زیادہ وہ کراچی کو ترجیح دیتے ہیں۔
عدنان صدیقی نے بھارت کی تعریفیں کیں اور بتایا کہ انہیں دہلی، ممبئی، آگرا، راجستھان اور امرتسر سمیت دیگر شہر گھومنے میں کافی مزہ آیا، وہاں سیاحت کرنے کا تجربہ بالکل مختلف تھا۔
ان کے مطابق بھارت میں انہیں اس لیے بھی زیادہ مزہ آیا، کیوں کہ وہاں کی ثقافت، رہن سہن اور زبان تقریبا ایک جیسی تھی جب کہ وہاں تاریخی محلوں کو ہوٹلز میں تبدیل کردیا گیا ہے، جہاں رہنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں بات کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ وہ لاس اینجلس میں اشنا شاہ کے ساتھ جانا پسند کریں گے، کیوں کہ وہ سیاحت کی شوقین خاتون ہیں، وہ انہیں اپنے ساتھ ہر جگہ لے جائیں گی اور یہ کہ دونوں کھانے پینے کے بھی شوقین ہیں۔
اسی سیگمنٹ میں بات کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ میرا کبھی بھی موہن جو دڑو نہیں جائیں گی، کیوں کہ وہاں جانے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں پڑتی اور اداکارہ وہاں جانا پسند کرتی ہیں، جہاں ویزے کی ضرورت ہو۔
اداکار نے کہا کہ متھیرا کو جاپان کا ویزا ہی نہیں ملے گا جب کہ جنت مرزا اور سوئٹزرلینڈ ایک جیسے ہی ہیں۔
عدنان صدیقی نے اسی سیگمنٹ میں کہا کہ اگر کسی بھی ریلوے اسٹیشن پر حریم شاہ موجود ہوں گی تو وہاں کوئی بھی ٹرین وقت پر نہیں چلے گی۔
اداکار نے دلیل دی کہ چوں کہ وہاں حریم شاہ موجود ہوں گی، اس لیے ٹرین کا ڈرائیور اور اسٹیشن ماسٹر ٹک ٹاکر کو دیکھنے میں ہی محو ہوں گے، اس لیے کوئی بھی ٹرین وقت پر نہیں چلے گی۔