جماعت اسلامی کا آئی پی پیز کی بندش کے باوجود بجلی سستی نہ ہونے پر تحریک کا اعلان
جماعت اسلامی نے انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کی بندش کے باوجود بجلی کے بلوں میں کمی نہ ہونے پر 17 جنوری سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آئی پی پیز بند ہونے کے باوجود بلوں کی تلوار قوم کے سروں پر لٹک رہی ہے، حکومت کی معیشت میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کے دعوے جھوٹے ہیں، 17جنوری کو جماعت اسلامی بجلی کی قیمتیں کم کروانے پر ملک گیر احتجاج شروع کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ متعدد آئی پی پیز کی بندش اور معاہدوں پر نظر ثانی کے باوجود عوام سستی سے بجلی سے محروم ہیں، ایسا کیوں ہے ؟
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں اور تحریری معاہدہ عوام کے سامنے رکھا جائے، مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ کو بھی شامل کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی آئین و قانون سے مشروط ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ایم کیو ایم کی کوئی بھی قسم ہو، قوم انہیں مسترد کر چکی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے کہ کراچی کا معاملہ خراب نہ کرے اور اسے درست سمت میں چلنے دے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی نورا کشتی سے کراچی مسائل کی آماج گاہ بن گیا ہے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے علی امین گنڈا پور کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت اور دہشت گردی کو کنٹرول کرنا کے پی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے اسرائیل اور امریکا کو عالمی دہشت گرد ممالک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں 47 ہزار سے زائد مسلمان شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل امریکی آشیر باد سے 23 لاکھ فلسطینوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ڈونلڈ ٹرمپ عملی طور پر اقتدار میں بھی نہیں آیا تو وہ چیمپئن بن کر دنیا میں قتل و غارت کرکے استحصال قوموں کا کررہا ہے، جس پر دنیا کو نوٹس لینا ہوگا۔
انہوں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی کہ گنے اور گندم کی امدادی قیمت فوری مقرر کی جائے تاکہ کسانوں کا استحصال نہ ہو سکے۔