پاکستان

عمران خان کی عرب ممالک کیخلاف پروپیگنڈا سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت، لاتعلقی کا اعلان

عمران خان نے بشریٰ بی بی، شہدا سے کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت کی، عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے عرب ممالک سے متعلق پروپیگنڈہ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت کرتے ہوئے ان سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے ۔

یہ بات عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی جنہوں نے سوشل میڈیا پر عرب ممالک کے حوالے سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کی مذمت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا اکاؤنٹ سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

ان کے مطابق عمران خان نے بشریٰ بی بی، شہدا سے کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت کی جب کہ سابق وزیراعظم نے عرب ممالک سے متعلق پروپیگنڈے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ان اکاؤنٹس سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

فیصل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سےملاقات نہ کرانا مذاکرات سبوتاژکرنے کی کوشش ہے۔

انھوں نے پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی حامی بھری تھی۔

یاد رہے کہ کچھ دیر قبل ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان نے اداروں کے خلاف بیانات نہ دینے پر رضامندی ظاہر کردی اور اداروں پر تنقید نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اس حوالے سے رضامندی ظاہر کی تھی اور تنقید کا محور صرف سیاستدانوں کو بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے عمران خان کو اداروں سے متعلق بیانات نہ دینےکا پیغام دیا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف بیانات دینے سے سختیاں بڑھیں گی، ہم معاملات کا حل چاہتے ہیں، عمران خان کو پیغام پہنچایا کہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانات سے گریز کیا جائے۔

پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عمران خان نے ہماری اس بات سے اتفاق کیا، بانی اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف اس طرح سخت بیانات نہیں دیں گے۔

پس منظر

واضح رہے کہ چند روز قبل (6 جنوری) کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ پر جاری بیان میں حکومت اور اداروں پر سخت تنقید کی گئی تھی۔

ایکس پوسٹ کے مطابق عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا اور وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ القادر ٹرسٹ (190 ملین پاؤنڈ کیس) کا فیصلہ صرف اور صرف پچھلے کیسز کی طرح میرے اوپر دباؤ ڈالنے کے لیے لٹکایا جا رہا ہے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ یہ فیصلہ فوری طور پر جاری کیا جائے کیونکہ جیسے پہلے عدت کیس اور سائفر کیس میں آپ کا منہ کالا ہوا، اب اس کیس بھی وہی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں پاکستان میں نافذ کیے گئے تمام مارشل لا یعنی ایوب خان، یحیٰی خان، ضیا الحق اور مشرف کا مارشل لا دیکھے ہیں، یحیٰی خان اور ضیاالحق کا مارشل لا پاکستان کی تاریخ کا بدترین مارشل لا تھا جس میں جمہوریت کو بالکل روند دیا گیا تھا، پرویز مشرف اس حوالے سے قدرے لبرل تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ آج ملک میں جمہوریت کے نام پر ہو رہا ہے، اس کا موازنہ صرف اور صرف یحیٰی خان کے دور سے کیا جا سکتا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ شہباز شریف صرف ایک کٹھ پتلی اور اردلی ہے، اس سے زیادہ طاقتور وزیر اعظم تو مشرف دور میں شوکت عزیز تھا کیونکہ کم از کم تب انتخابات میں اس سطح کی دھاندلی نہیں کی گئی تھی جیسی فروری 2024 میں کی گئی، دھاندلی کی پیداوار فارم 47 کے سہارے کھڑا ناجائز لیکن ناتواں ٹولہ دراصل حکومت کے نام پر ایک دھبہ ہے۔

دریں اثنا حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے، دونوں فریقین کے درمیان اب تک مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں، پہلی ملاقات 23 دسمبر 2023 کو ہوئی تھی جب کہ دوسری ملاقات 2 جنوری کو ہوئی۔

دونوں ملاقاتوں کے دوران مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیے گئے جب کہ حکومت نے اگلی ملاقات میں تمام مطالبات تحریری طور پر مانگے ہیں۔

پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کے دوسرے دور میں حکومت سے عمران خان سے ملاقات کے لیے سہولت کا مطالبہ کیا گیا تھا تاکہ بات چیت کے عمل میں مشاورت کے لیے بانی تحریک انصاف سے رہنمائی لی جاتی رہے۔