لائف اسٹائل

’پسوڑی‘ فیم شے گل کامیڈین چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں

کبھی بھی گلوکارہ بننے کا نہیں سوچا تھا، کامرس پڑھ کر صنعت کار اور کاروباری شخصیت بننا چاہتی تھی، گلوکارہ

کوک اسٹوڈیو کے گانے ’پسوڑی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ شے گل نے کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔

شے گل نے حال ہی میں ’گرلز اونلی‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کبھی بھی گلوکارہ بننے کا نہیں سوچا تھا، وہ کامرس پڑھ کر صنعت کار اور کاروباری شخصیت بننا چاہتی تھیں۔

شے گل کا کہنا تھا کہ انہوں نے بزنس کی تعلیم حاصل کرکے 9 سے 5 بجے والی کارپوریٹ سیکٹر کی ملازمت کرنی تھی لیکن اتفاق سے وہ گلوکارہ بن گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ وہ اسکول کے زمانے سے گاتی تھیں لیکن انہوں نے کبھی بھی گلوکارہ بننے کا نہیں سوچا تھا پھر جب یونیورسٹی کی تعلیم کے دوران وہ ہاسٹل میں رہنے لگیں تو انہیں ’پسوڑی‘ گانے کا موقع ملا۔

انہوں نے اپنے گلوکارہ بننے کا کریڈٹ اپنی دوست ایمان کو دیا، جنہوں نے انہیں انسٹاگرام بنا کر اس پر گانے رکھنے کا مشورہ دیا تھا اور پھر ان کی مدد سے ہی انہیں کوک اسٹوڈیو میں کام کرنے کا موقع ملا۔

شے گل نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ علی سیٹھی پر فدا تھیں، جب انہیں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ کافی پریشان تھیں۔

انہوں نے علی سیٹھی کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر رکھی ہے، اس لیے ان کے پاس بہت ساری معلومات بھی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شے گل نے بتایا کہ ان کا پیدائشی نام ’انوشے‘ ہے لیکن یونیورسٹی کی کلاس فیلو دوستوں نے ان کا نام ہولی وڈ فلم سیریز ’تھور‘ کے کردار ’شے‘ پر رکھا اور پھر انہوں نے اسی نام کو اپنا دوسرا نام بنالیا۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں اتنی شہرت ملے گی اور یہ کہ وہ حادثاتی طور پر گلوکارہ بنیں لیکن وہ شہرت ملنے پر خدا کی شکر گزار ہیں۔

شے گل نے اپنی فٹنیس پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کوئی خاص فٹنیس نہیں کرتیں، وہ ہر وقت کام کرنے کی وجہ سے فٹ نظر آتی ہیں۔

پروگرام کے ایک سلسلے میں بات کرتے ہوئے شے گل نے بتایا کہ وہ شازیہ خشک اور سلیم جاوید کو نہیں جانتیں، اس لیے وہ ان کے ساتھ کام کرنا بھی پسند نہیں کریں گی۔

اسی سیگمنٹ میں انہوں نے گلوکار و ریپر فارس شفیع کے ساتھ بھی کام کرنے سے معذرت کی اور کہا کہ انہیں ریپنگ گلوکاری نہیں آتی۔

اسی سیگمنٹ کے دوران ایک سوال پر انہوں نے کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ وہ موقع ملنے پر چاہت فتح علی خان کے ساتھ ضرور کام کریں گی۔

پروگرام میں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے راحت فتح علی خان کے مقابلے چاہت فتح علی خان کا انتخاب بھی کیا۔

شے گِل کے ترک گلوکار کے ساتھ اردو اور ترک زبان کے گانے کی تعریفیں

’پسوڑی‘ کے بھارتی ریمیک پر گلوکارہ شے گل کا ردعمل سامنے آگیا

’پسوڑی‘ فیم شے گِل کا اداکاری کا عندیہ