پاکستان

سرمایہ کاری بورڈ نے خصوصی اقتصادی زونز کیلئے ’لینڈ لیز پالیسی‘ کی منظوری دے دی

صنعتی زونز کے قیام کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور سروے کی تکمیل اہم کامیابیاں ہیں، معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، سروے صوبوں کیساتھ شیئر کیا جائے، علیم خان

سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) نے خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈز) کے قیام کے لیے ’لینڈ لیز پالیسی‘ اور ان زونز کو ہموار کرنے کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دے دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق منگل کو وفاقی وزیر سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت بورڈ آف انویسٹمنٹ کی اپروول کمیٹی کا اجلاس ہوا، اس دوران ملک بھر میں 35 صنعتی زونز کا سروے مکمل کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

سروے غیر صنعتکاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی، یوٹیلیٹیز کی دستیابی کا جائزہ لینے اور ہر الاٹ شدہ پلاٹ کے قبضے کی حیثیت کی تصدیق کرنے سے متعلق تھا، یہ سروے 35 صنعتی زونز میں انٹرپرائزز اور زون ڈیولپمنٹ کی صورتحال کے بارے میں درست اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔

علیم خان نے کہا کہ صنعتی زونز کے قیام کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور سروے کی تکمیل اہم کامیابیاں ہیں، جن سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، انہوں نے ہدایت کی کہ سروے تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ شیئر کیا جائے۔

اجلاس میں اسپیشل اکنامک زونز ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت منظوری کمیٹی 21 دن کے بجائے 7 دن کے وقفے سے اجلاس منعقد کرسکے گی، وفاقی وزیر نے کہا کہ باقاعدگی اور بر وقت ملاقاتوں سے معاملات کو جلد حل کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز کی اپ گریڈیشن کم سے کم وقت میں کی گئی ہے اور اس سلسلے میں بہتر معیار کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ڈیٹا باہمی ملکیت ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ایس ای زیڈز سے متعلق تمام معاملات کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے اور یہ موجودہ ضروریات اور وہاں فراہم کی جانے والی معیاری سہولتوں کے مطابق ہیں۔