پاکستان

خیبرپختونخوا اسمبلی کا فل ہاؤس کمیٹی اجلاس، کرم میں امن کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

ایوان کی فل ہاؤس کمیٹی کی وجہ سے ہی پختون امن جرگہ کا پرامن انعقاد ممکن ہوا اور اب یہ منتخب ایوان ضلع کُرم میں بھی قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کرے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا اسمبلی کی فل ہاؤس کمیٹی کے پہلے اجلاس میں ضلع کرم میں قیام امن کے لیے اسمبلی کی ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیرصدارت صوبائی اسمبلی کی فل ہاؤس کمیٹی کا پہلااجلاس ہوا۔

اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے علاؤہ اپوزیشن لیڈر اور دیگر ممبران اسمبلی نے بھی شرکت کی، اجلاس میں پختون قومی جرگے کے مطالبات پر پیشرفت کے لیے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پختون قومی جرگے کی پیش کردہ مطالبات کے حل پرپیشرفت کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دینےکا فیصلہ کیا گیا، ذیلی کمیٹی میں اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہوگی۔

ذیلی کمیٹی ایک ہفتے میں پیش کردہ 27 نکات اور مطالبات پرپیشرفت کے لیے اتفاق رائے سے تجاویز پیش کرے گی، یہ تجاویز اسمبلی کی فل ہاؤس کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

فل ہاؤس کمیٹی وفاقی حکومت سے جڑے مسائل ضروری کارروائی کے لیے وفاق کو بھیجے گی جب کہ صوبائی حکومت سے متعلق مسائل ضروری کارروائی کے لیے صوبائی حکومت کو بھیجے جائیں گے، اسی طرح دیگر اداروں سے جڑے مسائل متعلقہ اداروں کو بھیجے جائیں گے۔

اجلاس میں پشتون تحفظ مومنٹ کو کالعدم قرار دیے جانے کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے معاملہ وفاق کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایوان کی فل ہاؤس کمیٹی کی وجہ سے ہی پختون امن جرگہ کا پرامن انعقاد ممکن ہوا تھا اور اب یہ منتخب ایوان ضلع کُرم میں بھی قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلع کُرم میں قیام امن کے لئے اس ایوان کی ایک سب کمیٹی تشکیل دی جائے گی، ضلع کُرم میں قیام امن کے لئے سب کمیٹی اپنی سفارشات تیار کرکے صوبائی حکومت کو بجھوائے گی۔