اسلام آباد: مسلم معاشروں میں خواتین کی تعلیم، چیلنجز، مواقع کے موضوع پر عالمی کانفرنس
پاکستان رواں ہفتے وزیراعظم شہباز شریف کی میزبانی میں مسلم معاشروں میں خواتین کی تعلیم، چیلنجز و مواقع کے عنوان سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی 2 روزہ کانفرنس میں شرکت کے لیے 30 ممالک کے 55 کے قریب وفود شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، ایران، آزربائیجان، قازقستان، ترکمانستان سمیت متعدد مسلم ممالک کے وفود شریک ہوں گے۔
جناح کنوینشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ 2 روزہ کانفرنس کا افتتاح وزیراعظم شہبازشریف کریں گے جب کہ کانفرنس کی میزبانی رابطہ العالم الاسلامی اور وزیر اعظم شہباز شریف مشترکہ طور پر کررہے ہیں۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سیکریٹری جنرل حصین ابراہیم طحہ، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار سمیت دیگر وفاقی وزرا خصوصی شرکت کریں گے۔
او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان طارق بخیت اور او آئی سی دیگر حکام بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
کانفرنس کا مقصد بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے حکومتوں، اسلامی وسول تنظیموں کے درمیان نیٹ ورک کا قیام ہے۔