لائف اسٹائل

فلم انڈسٹری کی تباہی میں شان کا نام اس لیے لیا، کیوں کہ وہ لیڈ کر رہے تھے، سعود

دنیا کی ہر انڈسٹری میں اتار چڑھاؤ آتا ہے اور پاکستان کی فلم انڈسٹری میں بھی ایسا ہی ہوا، کسی ایک فرد کے کردار سے انڈسٹری تباہ نہیں ہوئی، اداکار

ماضی کے مقبول فلمی ہیرو سعود نے پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی تباہی میں اداکار شان کے کردار پر مزید بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی انڈسٹری ایک شخص نہیں بلکہ متعدد افراد کے کردار سے گرتی ہے۔

سعود نے حال ہی میں ریمبو کے ہمراہ سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات سمیت پاکستان کی فلم انڈسٹری کے تباہ ہونے پر بھی بات کی۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں بات کرتے ہوئے سعود نے بتایا کہ انہوں نے 2005 میں فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح اب پاکستان کی ڈراما انڈسٹری بہت سارے افراد کی محنت کی وجہ سے کامیاب ہے، اسی طرح فلم انڈسٹری بھی بہت سارے افراد کے کردار کی وجہ سے ناکام ہوئی۔

سعود کے مطابق دنیا کی ہر انڈسٹری میں اتار چڑھاؤ آتا ہے اور پاکستان کی فلم انڈسٹری میں بھی ایسا ہی ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ 1950 اور 60 کی دہائی پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے شاندار رہی، جس کے بعد 80 کی دہائی کا دور بھی اچھا جب کہ 90 کی دہائی میں ان سمیت ریمبو جیسے اداکاروں کے آنے سے بھی انڈسٹری مضبوط رہی لیکن پھر انڈسٹری کمزور ہوگئی۔

سعود نے دلیل دی کہ مانا جاتا رہا ہے کہ ممبئی کی بولی وڈ انڈسٹری سب سے مضبوط اور بڑی ہے لیکن اب اسے بھی تامل انڈسٹری کھا چکی ہے، اسی طرح ہر انڈسٹری میں اتار چڑھاؤ آتا ہے۔

انہوں نے مثال دی کہ جس طرح پاکستان کی ڈراما انڈسٹری کو انہوں نے، ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ سمیت دیگر پروڈیوسرز نے اچھی اچھی پروڈکشن دے کر کھڑا کیا، اسی طرح فلم انڈسٹری کو بھی کرنا چاہیے تھا۔

سعود نے واضح کیا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل پاکستان کی فلم انڈسٹری کی تباہی میں شان کے کردار کی اس لیے بات کی، کیوں کہ اس وقت شان ہی فلم انڈسٹری کو لیڈ کر رہے تھے۔

ان کے مطابق میاں اور بیوی میں بھی جھگڑے ہوتے ہیں اور ان کی بات کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ان کے درمیان اختلافات ہیں، انہوں نے صرف بات کی تھی، کیوں کہ ان کے خیال میں اس وقت سب سے بڑی ذمہ دار شان کی بنتی تھی، اسی وقت وہ ہی انڈسٹری کو لیڈ کر رہے تھے۔

سعود کا کہنا تھا کہ بطور پروڈیوسر ہر کسی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ شائقین کو مواد سے محظوظ کرے۔

خیال رہے کہ کچھ دن قبل سعود نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری کو تباہ کرنے میں شان اور سید نور کا سب سے بڑا ہاتھ رہا ہے، تاہم دیگر افراد بھی فلم انڈسٹری کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔

سلطان راہی نے ’گنڈاسا‘ کلچر متعارف کروا کے انڈسٹری کا نقصان کیا، پروڈیوسر علی کاظمی

ماضی میں صرف’جٹ لائن’ فلمیں بنانے سے انڈسٹری کو نقصان ہوا، ممتاز بیگم

’فلم انڈسٹری کیلئے اقدامات پر حکومت کا شکریہ‘، نیشنل آئیکون ایوارڈ میں شوبز شخصیات کا اظہار خیال