دنیا

سعودی عرب میں سیکیورٹی نگرانی کے کیمروں کی ریکارڈنگ منتقل یا نشر کرنے پر پابندی

کیمروں کی ریکارڈنگ صرف ریاستی سلامتی کی صدارت کی منظوری سے، عدالتی حکم کی بنیاد پر، یا کسی تحقیقاتی اتھارٹی کی درخواست پر منتقل یا شائع کی جاسکتی ہے، وزارت داخلہ

سعودی عرب نے سیکیورٹی نگرانی کے کیمروں کی ریکارڈنگ منتقل کرنے یا نشر کرنے پر پابندی عائد کردی۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ قانون کی دفعات سیکیورٹی نگرانی کیمرے کی ریکارڈنگ کی منتقلی یا اشاعت پر پابندی عائد کرتی ہیں۔

سیکیورٹی نگرانی کے کیمروں کی ریکارڈنگ صرف وزارت یا ریاستی سلامتی کی صدارت کی منظوری سے، عدالتی حکم کی بنیاد پر، یا کسی تحقیقاتی اتھارٹی کی درخواست پر منتقل یا شائع کی جاسکتی ہے۔

وزارت نے وضاحت کی کہ جو بھی اس قانون کی خلاف ورزی کرے گا، اسے 20 ہزار ریال (5 ہزار 327 ڈالر) جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

اس میں ہر وہ شخص شامل ہے جو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریکارڈنگ منتقل یا نشر کرتا ہے، یا سیکیورٹی نگرانی کے کیمرے کے نظام یا ریکارڈنگ کو نقصان پہنچاتا ہے یا توڑ پھوڑ کرتا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب سخت قوانین کا حامل ملک ہے، حال ہی میں سعودی عرب نے بعض قوانین نرم کیے ہیں جن میں خواتین سے متعلق قوانین بھی شامل ہیں۔

دسمبر 2024 میں سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں فٹ بال تنظیم فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا) کے صدرکی میزبانی میں اجلاس کے دوران سعودی عرب کو 2034 کے فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کے فرائض سونپے گئے تھے۔

میزبانی کی دوڑ میں سعودی عرب واحد امیدوار تھا، قطر کے بعد سعودی عرب فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کرنے والا مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک بن جائے گا۔