پاکستان

اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں جرمن سفارتکار اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائے گئے

58 سالہ تھامس جرگن بیلے فیلڈ جرمن سفارتخانے میں سیکنڈ افسر تعینات تھے، دفتر نہ پہنچنے پر عملے نے گھر جاکر تالے توڑ کر پولیس کو اطلاع دی، حکام

اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں اپنی رہائش گاہ میں ایک جرمن سفارت کار مردہ پائے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مرنے والے کی شناخت 58 سالہ تھامس جرگن بیلے فیلڈ کے طور پر کی گئی ہے، جو جرمنی کے سفارت خانے میں بطور سیکنڈ سیکریٹری فرائض انجام دے رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سفارت کار قراقرم ہائٹس میں واقع رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے، ان کی آنکھوں، ناک اور منہ سے خون بہہ رہا تھا۔

حکام نے بتایا کہ سفارت کار پیر کے روز دفتر نہیں گئے اور سفارت خانے سے کی جانے والی فون کالز کا بھی جواب نہیں دے رہے تھے۔

اس کے جواب میں سفارت خانے نے ایک ملازم کو سفارت کار کی رہائش گاہ بھیجا، جسے گھر کے اندر سے کوئی جواب نہیں ملا۔

بعد ازاں سفارت خانے کے اہلکار ان کی رہائش گاہ پر پہنچے اور تالے توڑ کر پولیس کو بتائے بغیر فلیٹ میں داخل ہوئے اور انہیں مردہ پایا۔

اس کے بعد سفارت خانے نے پولیس اور سیکریٹریٹ پولیس اسٹیشن کے حکام کو اطلاع دی جو فلیٹ پر پہنچے اور لاش کو ہسپتال منتقل کیا۔

پولیس کو بتایا گیا کہ سفارت کار دل کا مریض تھا، یہ واضح نہیں ہے کہ سفارت کار کی موت کب ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ اس نے آخری بار ہفتہ کی شام 7 بج کر 44 منٹ پر اپنے واٹس ایپ کا استعمال کیا تھا۔

جرمن سفارتی مشن کے ترجمانوں نے ڈان کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔